رسائی کے لنکس

آسٹریلیا میں یکے بعد دیگرے زلزلے کے تین جھٹکے


ملبورن کی چیپل اسٹریٹ پر کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں۔
ملبورن کی چیپل اسٹریٹ پر کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں۔

آسٹریلوی ریاست وکٹوریا میں یکے بعد دیگرے تین زلزلوں نے علاقے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ زلزلے کے جھٹکے سڈنی اور کینبرا تک محسوس کئے گئے۔

زلزلے سے کئی عمارتوں اور شاہراہوں کو نقصان پہنچا مگر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

آسٹریلیا میں وآئس آف امریکہ کے نمائندے فل مرسر کے مطابق 5.9 شدت کا زلزلہ مقامی وقت کے مطابق نو بج کر پندرہ منٹ پر آیا۔ اس کا مرکز ریاست وکٹوریا کے جنوب مشرق میں مینسفیلڈ کا ایلپائن نیشنل پارک بتایا جا رہا ہے۔

حکومتی سائنٹفک ایجنسی، جیو سائنس آسٹریلیا کے مطابق علاقے میں یورپی آمد کے بعد اتنی شدت کا یہ پہلا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

زلزلے کے پہلے جھٹکے کے کچھ دیر بعد دو مزید جھٹکوں کی لہر محسوس کی گئی جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.0 اور 3.1 بتائی جارہی ہے۔

کئی علاقوں میں نقصان اور لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات پر علاقے میں ہیلی کاپٹروں کی مدد سے نقصانات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق وکٹوریا کے دارالحکومت میلبورن میں زلزلے کا جھٹکا مسلسل بیس سیکنڈ تک محسوس کیا گیا، جس پر فوری طور پر اپارٹمنٹ بلڈنگز خالی کرا لی گئیں۔

زلزلہ اتنا شدید تھا کہ آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا، سڈنی اور ریاست تسمانیہ کے شہریوں نے بھی زمین کی گڑگڑاہٹ محسوس کی۔ تاہم آسٹریلوی حکام کی جانب سے سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس زلزلے کے بعد سینکڑوں آفٹر شاکس آنے کا خدشہ ہے اور یہ سلسلہ کئی ماہ تک جاری رہ سکتا ہے۔

آسٹریلیا میں ہر سال تقریباً سو زلزلے ریکارڈ ہوتے ہیں جن کی شدت ریکٹر سکیل پر تین کے آس پاس ہوتی ہے۔

آسٹریلیا کے وزیراعظم سکاٹ موریسن ان دنوں سرکاری دورے پر نیویارک میں ہیں۔ ان کا زلزلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہری یقیناً پریشان ہونگے کیونکہ ملک میں اس شدت کے زلزلے عموماً نہیں آتے، مگر حکومتی ریسپانس ادارے اس وقت مستعدی سے کام کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG