رسائی کے لنکس

چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ مسترد


سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ''پاکستان میں شفاف انتخابات ہوئے ہیں اور ملک میں کہیں بھی منظم دھاندلی کی کوئی شکایت نہیں ملی''۔ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے، بابر یعقوب نے بتایا ہے کہ ''تقریباً 100 درخواستوں پر کارروائی کی جا رہی ہے''۔

چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے, اُنھوں نے کہا کہ ''ملک بھر کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی مواد وافر مقدار میں مہیا کیا گیا، جبکہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لیے مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیا گیا تھا''۔

منگل کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ ''عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر شفاف اور غیرجانبدارانہ انداز میں ہوئے''۔

بقول ان کے، ''آل پارٹیز کانفرنس میں چند سیاسی جماعتوں کی جانب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ آیا۔ الیکشن کمیشن ایسےمطالبے کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔ اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو آئین میں دیئے گئے طریقہ کار پر عمل کیا جائے''۔

بابر یعقوب نے کہا کہ ''الیکشن کمیشن تمام کامیاب اور ہارنے والوں سے توقع رکھتا ہے کہ وہ عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے انتخابی رائے کو نا صرف تسلیم کریں گے، بلکہ جمہوری عمل کے لیے مثبت کردار ادا کریں گے''۔

اُنھوں نے کہا ہے کہ ''امیدواروں کو مساوی مواقع فراہم کیے گئے۔ عوام نے آزادانہ ماحول میں حق رائے دہی استعمال کیا اور ووٹر ٹرن آؤٹ 52 فیصد رہا، جو گزشتہ انتخابات کی نسبت بہتر تھا۔ 30 ہزار ملکی و غیرملکی مبصرین نے مختلف اوقات میں الیکشن کے عمل کا معائنہ کیا''۔

بابر یعقوب نے بتایا کہ یہ پہلا الیکشن ہے جس میں خواتین کی بطور ووٹر اور امیدوار شرکت کو سراہا گیا۔
علاوہ ازیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ''آر اوز اور ڈی آر اوز سے انتخابی نتائج میں تاخیر پر وجوہات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں''۔

انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ میڈیا اور ویب سائٹ کے ذریعے تمام معلومات عوام تک پہنچائی جاتی رہیں اور انتخابات سے متعلق تمام امیدواروں کی تفصیلات بھی ویب سائٹ پر جاری کی گئیں۔

بابر یعقوب نے کہا کہ ''ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے تقریباً 100 درخواستوں پر کارروائی بھی کی گئی، جبکہ پورے ملک میں دھاندلی کے حوالے سے کوئی شکایات موصول نہیں ہوئیں''۔

پاکستان میں عام انتخابات میں شکست سے دوچار ہونے والی مختلف سیاسی جماعتوں نے انتخابات کو ٖغیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔
الیکشن میں ہارنے والی جماعتوں کا کہنا تھا کہ منظم انداز میں دھاندلی کی گئی اور الیکشن کمیشن مکمل طور پر دباؤ میں تھا۔ آل پارٹیز کانفرنس نے الیکشن کمیشن پر جانبداری کے الزامات عائد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جسے مسترد کر دیا گیا ہے۔

،

XS
SM
MD
LG