رسائی کے لنکس

احسان مانی پی سی بی کے نئے چیئرمین منتخب


پی سی بی کے آئین کے مطابق بورڈ کے چیئرمین کا انتخاب بورڈ آف گورنرز کے ارکان کرتے ہیں جن کی کل تعداد 10 ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق صدر احسان مانی کو پی سی بی کا نیا چیئرمین منتخب کرلیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا انتخاب منگل کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں واقع پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر دفتر میں ہونے والے بورڈ آف گورنرز کے خصوصی اجلاس میں عمل میں آیا۔

پی سی بی کے آئین کے مطابق بورڈ کے چیئرمین کا انتخاب بورڈ آف گورنرز کے ارکان کرتے ہیں جن کی کل تعداد 10 ہے۔

چیئرمین کے انتخاب کے لیے احسان مانی کے مقابلے پر کسی رکن نے کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کرائے جس پر اجلاس کی صدارت کرنے والے پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضال حیدر نے احسان مانی کی کامیابی کا اعلان کیا۔

احسان مانی آئندہ تین برس تک چیئرمین کے عہدے پر کام کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی کا عہدہ نجم سیٹھی کے استعفے کے بعد خالی ہوا تھا جو گزشتہ ماہ نئی حکومت کے قیام کے بعد اس عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

نجم سیٹی کے استعفے کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان نے، جو پی سی بی کے پیٹرن بھی ہیں، احسان مانی کو گورننگ بورڈ کا رکن نامزد کیا تھا۔

منگل کو اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد احسان مانی نے گورننگ بورڈ کے ارکان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ افسر سبحان احمد نے انہیں پی سی بی کے معاملات پر بریفنگ بھی دی۔

XS
SM
MD
LG