رسائی کے لنکس

ذو الحج کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالاضحیٰ 25 ستمبر کو ہوگی


ملک کے کسی بھی شہر یا علاقے سے چاند نظر آنے کی کوئی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ اس سے قبل ماہرینِ فلکیات نے بھی پیر کو چاند نظر نہ آنے کی پیش گوئی کی تھی

پاکستان میں اسلامی مہینے ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا۔ لہذا، یکم ذوالحج بدھ سولہ ستمبر جبکہ عیدالاضحیٰ جمعہ 25 ستمبر کو ہوگی۔ چاند نظر نہ آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے کیا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پیر کو مفتی منیب الرحمٰن کی سربراہی میں کراچی میں ہوا، جبکہ صوبائی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے بھی اجلاس ہوئے۔

اجلاس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علماء نے شرکت کی جبکہ کمیٹی کو محکمہ موسمیات کے حکام اور ماہرینِ فلکیات کا تعاون بھی حاصل تھا۔

کمیٹیز نے شرعی نکتہ نگاہ سے چاند نظر آنے والی شہادتوں کی جانچ پڑتال کرنا تھی۔ تاہم، ملک کے کسی بھی شہر یا علاقے سے چاند نظر آنے کی کوئی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

اس سے قبل ماہرین فلکیات نے بھی پیر کو چاند نظر نہ آنے کی پیش گوئی کی تھی۔

پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک، مشرق بعید اور یورپی ممالک میں بھی گزشتہ روز عید کا چاند نظر نہیں آیا تھا، جس کے بعد یہ اعلان کیا گیا تھا کہ ان ممالک میں جمعرات 24ستمبر کو عید الاضحیٰ منائی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG