رسائی کے لنکس

مناسکِ حج کی ادائیگی جمعرات سے شروع ہوگی


بدھ کو تمام عازمین سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ سے منیٰ کے لئے روانہ ہوئے۔ ان کی منیٰ آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ عازمین منیٰ میں قیام کے بعد جمعہ کو میدان عرفات پہنچیں گے

کراچی ۔۔۔ دین اسلام کے اہم رکن ’حج ‘کے لئے سعودی عرب پہنچنے والے دنیا بھر کے لاکھوں مسلمان جمعرات سے مناسک حج کی ادائیگی شروع کریں گے، جبکہ حج کا سب سے اہم رکن’وقوف عرفہ‘ جمعہ کو ہوگا۔جمعہ کی مناسبت سے ہی اس بار ’حج اکبر‘ ہوگا۔

ادھر بدھ کو تمام عازمین سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ سے منیٰ کے لئے روانہ ہوئے۔ ان کی منیٰ آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ عازمین منیٰ میں قیام کے بعد جمعہ کو میدان عرفات پہنچیں گے۔

اس دوران، مسجد نمرہ میں خطبہ حج ہوگا، جس کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ میدان عرفات میں ہی ادا کی جائیں گی، جبکہ غروب آفتاب کے ساتھ ہی تمام حجاج مزدلفہ کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔

دس ذوالحج کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد حاجی واپس منیٰ پہنچیں گے جہاں رمی جمرات کے بعد قربانی کی جائے گی۔

پاکستانی عازمین حج
پاکستان کی وزارت حج کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اس سال پاکستان سے ایک لاکھ 43 ہزار سے زائد پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ مکہ مکرمہ میں شیشہ و عزیزیہ اور مدینہ منورہ میں مرکزیہ کے علاقوں میں پاکستانی شہری قیام کریں گے۔ ان علاقوں سے مسجد الحرام تک آنے جانے کے لئے شٹل سروس فراہم کی گئی ہے۔

فول پروف سیکورٹی انتظامات
سعودی حکومت کی جانب سے حج کے موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی کے انتہائی سخت اور فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ سعودی عرب میں موجود مقامی صحافی شاہد نعیم نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ مجموعی طور پر 70ہزار سیکورٹی اہلکار دن رات ڈیوٹی دے رہے ہیں، جبکہ سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے جگہ جگہ گاڑیوں اور مشکوک سامان کی سخت چیکنگ اور نگرانی کی جا رہی ہے اور صرف مناسب پرمٹ رکھنے والوں کو ہی مقدس شہروں اور مقامات میں داخلے کی اجازت ہے۔ رواں سال پہلی مرتبہ الیکٹرونک اسکینرز سے پرمٹ کو جانچا جا رہا ہے۔

عازمین حج کے لئے سہولیات
دنیا کی سب سے بڑی مسجد کا اعزاز رکھنے والی مکہ کی’مسجد الحرام‘ میں لاکھوں عازمین جمع ہوں گے۔ عازمین کی سہولت کے لئے مسجد کے ہر کونے یہاں تک کہ صحن میں بھی ائیرکنڈیشن اور واٹر فین نصب کئے گئے ہیں، تاکہ سخت گرمی اور حبس سے بچا جاسکے۔ عازمین کی آمد و رفت کے لئے مسجد کے 170سے زائد دروازے کھول دیئے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG