رسائی کے لنکس

مصر: مسلح افراد کے حملے میں آٹھ پولیس اہلکار ہلاک


فائل فوٹو

مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے قریب مسلح افراد کے حملے میں 8 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

مصر کی وزرات داخلہ کے بیان کےمطابق یہ واقعہ ہلوان کے علاقے میں اتوار کو پیش آیا اور یہ پولیس اہلکار سادہ لباس میں ملبوس تھے جن پر حملہ کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مسلح افراد ایک پک اپ گاڑی میں سوار تھے اور انہوں نے پولیس اہلکاروں کے قریب آکر ان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گئے۔

اس حملے کی ذمہ داری شدت پسند گروپ داعش سے وابستہ ایک گروہ نے قبول کی ہے۔ شدت پسندوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ان کی خواتین کو قید کرنے کا ردعمل ہے۔

انتہا پسند گروپ اس سے قبل بھی جزیرہ نماسینائی اور قاہرہ کے قریب واقع علاقوں میں اسی طرح کے حملوں میں پولیس اور فوج پر ہلاکت خیز حملے کر چکے ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر داخلہ مجدی عبدالغفار نے حملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرنے والوں نے ملک اور اس کے لوگوں کی حفاظت کے لیے اپنی جان دی۔

XS
SM
MD
LG