رسائی کے لنکس

فرانس: مسجد کے باہر فائرنگ سے آٹھ افراد زخمی


فائل
فائل

ایک مقامی اخبار 'لا پرووینس' نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس کے مطابق وقوعہ دہشت گردی کی واردات نہیں بلکہ بعض نوجوانوں کے درمیان جھگڑے کا نتیجہ ہے۔

فرانس کے جنوبی شہر اوگنون میں ایک مسجد کے باہر فائرنگ کےنتیجے میں کم از کم آٹھ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق واقعہ اتوار کی شب اس وقت پیش آیا جب نمازی، نماز سے فارغ ہونے کے بعد باہر آرہے تھے۔

فائرنگ کا واقعہ سب سے پہلے رپورٹ کرنے والے ایک مقامی اخبار 'لا پرووینس' نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس کے مطابق وقوعہ دہشت گردی کی واردات نہیں بلکہ بعض نوجوانوں کے درمیان جھگڑے کا نتیجہ ہے۔

اخبار کے مطابق اسے ذرائع نے بتایا ہے کہ مسجد سے نکلنے والے نمازی فائرنگ کرنے والوں کا نشانہ نہیں تھے۔

عینی شاہدین نے اخبار کو بتایا ہے کہ فائرنگ کرنے والے دو افراد تھے جن میں سے ایک نے اپنا منہ کپڑے سے چھپایا ہواتھا۔

فائرنگ کے بعد دونوں افراد وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

فائرنگ سے مسجد کے باہر موجود چار افراد اور ایک نزدیکی عمارت میں مقیم ایک ہی خاندان کے چار لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

زخمیوں میں سے دو افراد کو گہرے زخم آئے ہیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

گزشتہ ہفتے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایک نواحی علاقے میں ایک شخص نے مسجد کے باہر موجود لوگوں کو اپنی کار سے کچلنے کی کوشش کی تھی جس میں خوش قسمتی سے تمام لوگ محفوظ رہے تھے۔

بعد ازاں پولیس نے کار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا تھا۔

XS
SM
MD
LG