رسائی کے لنکس

امریکی گالفر ٹائیگر ووڈز نے پانچواں ماسٹرز ٹائٹل جیت لیا


ٹائیگر ووڈز ماسٹرز گالف ٹورنامنٹ کی ٹرافی کے ساتھ
ٹائیگر ووڈز ماسٹرز گالف ٹورنامنٹ کی ٹرافی کے ساتھ

ٹینس کے ورلڈ نمبر دو کھلاڑی رافیل نڈال نے کہا ہے کہ وہ امریکی گالفر ٹائیگر ووڈز کی شاندار کاکردگی دیکھ کر دنگ رہ گئے۔ ٹائیگر ووڈز نے انجری سے واپس آتے ہوئے پانچواں ماسٹرز ٹائٹل جیت لیا۔ ٹائیگر ووڈز کی 11 سال بعد کسی بڑے ٹورنامنٹ میں واپسی ہوئی ہے۔

رافیل نڈال بھی ٹائیگر ووڈز کی طرح گزشتہ برسوں کے دوران متعدد بار چوٹ کے باعث کھیل سے باہر ہوتے رہے ہیں۔ نڈال خود گالف میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے ٹائیگر ووڈزکا تمام میچ دیکھا اور اُنہوں نے جس شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا وہ ناقابل بیان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس انداز میں ووڈز نے اپنی انجری کا مقابلہ کرتے ہوئے اعلیٰ ترین سطح کے ٹورنامنٹ میں واپسی کی ہے، وہ اسے دیکھ کر آبدیدہ ہو گئے۔

رافیل نڈال۔ فائل فوٹو
رافیل نڈال۔ فائل فوٹو

مارچ 2014 کے بعد سے اب تک ٹائیگر ووڈز کی کمر کے چار آپریشن ہو چکے ہیں۔ اس وجہ سے وہ گزشتہ تین برسوں سے ماسٹرز گالف ٹورنامنٹ میں شرکت سے محروم رہے۔

ٹائیگر ووڈز بارھویں ہول پر شاٹ لگاتے ہوئے
ٹائیگر ووڈز بارھویں ہول پر شاٹ لگاتے ہوئے

ٹائیگر نے جب 21 سال کی عمر میں اپنا پہلا بڑا ٹورنامنٹ جیتا تھا تو وہ سیدھے اپنے والد ارل کے پاس جا کر اُن سے لپٹ گئے تھے۔ اب 43 سال کی عمر میں اپنے کیرئیر کا 15 واں بڑا ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد وہ اپنے بیٹے چارلی کی طرف بڑھے اور خوشی کے مارے اسے اُٹھا کر اوپر اچھال دیا۔

اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے پہلے اُنہوں نے کہا تھا کہ اُن کا بیٹا چارلی اور بیٹی سیم صرف یہ جانتے تھے کہ گالف کی وجہ سے میں سخت تکلیف میں مبتلا رہا ہوں۔

نڈال گزشتہ ماہ انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں راجر فیڈرر کے ساتھ مقابلے سے قبل گھٹنے میں تکلیف کے باعث کھیل سے باہر ہو گئے تھے۔ وہ اب بدھ کے روز شروع ہونے والے مانٹے کارلو ماسٹرز ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لئے تیاری کر رہے ہیں۔

نڈال نے کہا کہ ٹائیگر ووڈز اُن کے سب سے زیادہ پسندیدہ کھلاڑی ہیں اور وہ اُنہیں دنیا کا بہترین کھلاڑی تصور کرتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹائیگر وڈڈز کا میچ دیکھنے کے بعد ٹویٹ میں ٹائیگر ووڈز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ واقعی ایک عظیم چیمپین ہیں اور اُنہوں نے شاندار انداز میں کھیل میں واپسی کی ہے۔

یہ ماسٹرز گالف ٹورنامنٹ جارجیا آگسٹا میں کھیلا گیا۔ ٹورنامنٹ میں ٹائیگر کا سکور منفی 13 رہا۔ شوفیل، جانسن اور کاپکا منفی 12 کے سکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

یہ مجموعی طور پر اس ٹورنامنٹ میں ٹائیگر کی پانچویں فتح ہے۔ اس سے قبل اُنہوں نے یہ ٹورنامنٹ اب سے 14 برس قبل جیتا تھا۔

XS
SM
MD
LG