رسائی کے لنکس

'انگلینڈ فیورٹ، بھارت کو ہرانا مشکل، آسٹریلیا فائنل میں پہنچے گا'


گلین مک گرا (فائل فوٹو)
گلین مک گرا (فائل فوٹو)

ورلڈ کپ کرکٹ 2019ء جمعرات سے شروع ہو رہا ہے۔ دنیا بھر میں موجود کرکٹ کے فینز اس ایونٹ کے منتظر ہیں۔ ٹورنامنٹ سے جڑی خبریں ان کا جوش، ولولہ اور تجسس بڑھا رہی ہیں۔ ایسے میں چھوٹی سے چھوٹی پیش گوئی بھی کرکٹ فینز کی دلچسپی کو بڑھا دیتی ہے۔

شاید کرکٹ فینز کی دلچسپی کے لیے ہی آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بالر مگرا نے کچھ پیش گوئیاں کی ہیں اور انگلینڈ کو ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم قرار دیا ہے۔

گو کہ مک گرا کا اپنا تعلق آسٹریلیا سے ہے اور بھارت اور پاکستان کی طرح انگلینڈ اور آسٹریلیا بھی کرکٹ میں ایک دوسرے کے سخت حریف تصور کیے جاتے ہیں اور دونوں کو ایک دوسرے کی جیت قبول نہیں ہوتی، اس کے باوجود مک گرا کا انگلینڈ کو فیورٹ قرار دینا اہم ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ 'کرک انفو' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مک گرا کا کہنا ہے کہ انگلینڈ ایک روزہ میچوں کی بہت اچھی ٹیم ہے۔ میرے نزدیک وہی ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم ہے۔ وہ بہت اچھا پرفارم کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں مک گرا کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹیموں کو موجودہ فارم پر پرکھنا ہو گا اور انگلینڈ کی ٹیم جس طرح کھیل رہی ہے، اس نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔

سابق فاسٹ بالر کا یہ بھی کہنا تھا کہ انگلش ٹیم کو اُس کی اپنی کنڈیشنز میں شکست دینا بہت مشکل ہوگا۔ تاہم ان کے بقول آسٹریلیا بھی اچھا پرفارم کرسکتی ہے۔

مک گرا کا کہنا تھا کہ اگر تاریخ پر نظر ڈالیں اور حالیہ پرفارمنس کو دیکھیں تو آسٹریلیا اور بھارت ورلڈ کپ کے واضح اُمیدوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ ہمیشہ اچھی ٹیم رہی ہے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کی طرح واقعی اچھا یا برا کھیل سکتی ہے لہٰذا یہ ایک دلچسپ ورلڈ کپ ہوگا۔ انگلینڈ اور بھارت کو ہرانا مشکل ہوگا۔ لیکن آسٹریلیا کی فارم کو دیکھتے ہوئے میں سمجھتا ہوں کہ وہ فائنل میں پہنچ جائیں گے۔

گلین مک گرا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ تک 124 ٹیسٹ میچوں میں 563 وکٹیں حاصل کر چکے تھے جو کسی بھی فاسٹ بالر کی سب سے زیادہ وکٹیں تھیں۔ لیکن انگلش فاسٹ بالر جیمس اینڈرسن نے رواں سال اُن کا یہ ریکارڈ توڑ دیا تھا۔ اب اینڈرسن کی وکٹوں کی تعداد 575 ہے۔

مک گرا نے انگلش بالر کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اینڈرسن کا ریکارڈ ناقابلِ شکست رہے گا۔

XS
SM
MD
LG