رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ 2019ء کا میلہ کن میدانوں میں سجے گا؟


ورلڈ کپ 2019 کے شروع ہونے میں اب کچھ ہی دنوں کا فاصلہ ہے۔ یہ میلہ کن میدانوں میں سجے گا اور ان میدانوں میں اب تک کون کون سے بڑے معرکے ہو چکے ہیں آیئے تفصیل سے جانتے ہیں:

ٹرینٹ برج ، ناٹنگھم
ٹرینٹ برج ناٹنگھم حقیقی معنوں میں تاریخی کرکٹ گراؤنڈ ہے جسے 1841ء میں پہلی بار کھولا گیا تھا۔ اس گراؤنڈ پر پہلا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ 1974 میں کھیلا گیا تھا اور تب سے اب تک 1975، 1979،1983 اور 1999ء کے ورلڈ کپ ایڈیشنز میں اس گراؤنڈ کو استعمال کیا جا چکا ہے۔ اس میں 17 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

ٹرینٹ برج آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے پانچ میچز کی میزبانی کرے گا جس میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف پاکستان کے دو میچز بھی شامل ہیں۔ اس گراؤنڈ پر میزبان انگلینڈ کا ریکارڈ بہت شاندار ہے اور ماضی کے ورلڈ کپ 1975 اور 1999 میں زمبابوے اور انگلینڈ کے خلاف اپنے دونوں میچز جیتا تھا۔

ٹرینٹ برج ناٹنگھم شائر کا ہوم گراؤنڈ ہے۔ اسی گراؤنڈ پر انگلینڈ نے ایک روزہ میچ میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ریکارڈ 481 رنز بنائے، جس میں ایلکس ہیلز اور جونی بریسٹو کی سنچریاں بھی شامل ہیں۔ اس پہلے اسی گراؤنڈ پر انگلینڈ نے 2016ء میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 444 رنز بنائے تھے۔

دی ریور سائیڈ ، ڈرہم
یہ ڈرہم کرکٹ کا ہوم گراؤنڈ ہے۔ یہاں آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے تین میچز کھیلے جائیں گے جس میں میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا میچ بھی شامل ہے۔ اس گراؤنڈ کا 1995ء میں قیام عمل میں آیا۔ دی ریور سائیڈ ڈرہم نے اس سے قبل ورلڈ کپ کے چار میچز کی میزبانی کی جو تمام کے تمام 1999ء کے ایڈیشن میں کھیلے گئے۔

ڈرہم کرکٹ ہوم گراؤنڈ پر ورلڈ کپ مقابلوں کا زیادہ سے زیادہ اسکور 6 وکٹوں پر 261 رنز ہے جو پاکستان نے 1999ء میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف بنایا تھا۔ اُس میچ کے اسٹار پاکستان کے فاسٹ بولرز وسیم اکرم، شعیب اختر اور عبدالرزاق تھے جنہوں نے تین، تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اوول، لندن
اوول کرکٹ گراؤنڈ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان افتتاحی میچ سمیت ورلڈ کپ 2019ء کے پانچ میچوں کی میزبانی کرے گا۔ 25 ہزار نشستوں کی گنجائش کا حامل یہ گراؤنڈ 1845ء میں قائم ہوا۔

دریائے جیمز کے ساتھ واقع اوول سرے کرکٹ کلب کا ہوم گراؤنڈ ہے۔ اس میدان پر 1882ء میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان انگلینڈ کی سرزمین پر پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا گیا، تب سے اب تک یہاں 100 سے زائد ٹیسٹ میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ یہ گراؤنڈ 1975، 1979ء، 1983 اور 1999ء کے ورلڈ کپ کے 10 میچز کی میزبانی کر چکا ہے۔ 1999 کے ورلڈ کپ میں اسی گراؤنڈ پر پاکستانی اسپنر ثقلین مشتاق نے زمبابوے کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی۔

اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر
لنکا شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کا ہوم گراؤنڈ اولڈ ٹریفورڈ ورلڈ کپ 2019ء کا سب سے مصروف وینیو ہے۔ یہاں سیمی فائنل سمیت 6 میچز کھیلے جائیں گے۔ بین الاقوامی کرکٹ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ بھی اسی میدان پر ہو گا جب پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔

یہ گراؤنڈ 1857 میں تعمیر ہوا اور اس میں 24 ہزار 600 شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ انگلینڈ نے کرکٹ ورلڈ کپ کے دو سیمی فائنل اسی گراؤنڈ پر کھیلے ہیں جس میں اسے 1979ء میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 9 رنز سے شکست ہوئی جب کہ 1983 میں بھارت کو 6 وکٹوں سے ہرایا۔

اولڈ ٹریفورڈ انگلینڈ کا دوسرا قدیم ٹیسٹ وینیو ہے جو 1884ء سے ٹیسٹ میچز کی میزبانی کر رہا ہے۔

حال ہی میں اس گراؤنڈ کے پویلین اینڈ کا نام تبدیل کر کے انگلینڈ کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کے نام پر ’جیمس اینڈرسن اینڈ‘ رکھا گیا ہے۔

لارڈز، لندن
دنیا بھر میں لارڈز جیسی شناخت کے حامل چند ہی کرکٹ گراؤنڈ ہوں گے۔ اسے پہلی مرتبہ 1884 میں کھولا گیا اور 1884 سے یہ بین الاقوامی کرکٹ کا مرکز مانا جاتا ہے۔ یہاں 28 ہزار 500 شائقین بیٹھ سکتے ہیں۔

لارڈز کا میدان ورلڈ کپ 1975، 1979، 1983 اور 1999 کے ایڈیشنز کے فائنلز سمیت 10 میچوں کی میزبانی کر چکا ہے۔ یہاں ورلڈ کپ 2019 کے پانچ میچز کھیلے جائیں گے اور یہ ایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی کرے گا۔

ہیڈنگلے، لیڈز
ہیڈنگلے میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے 1975، 1979،1983 اور 1999 کے ایڈیشنز کے میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ اب ایک بار پھر دنیا کے بہترین کرکٹرز کی میزبانی کا شرف حاصل کر رہا ہے۔

ہیڈنگلے کا قیام 1890ء میں عمل میں آیا۔ اس گراؤنڈ میں 18 ہزار 350 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اس گراؤنڈ پر انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ٹاکرے سمیت کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے 4 میچز کھیلے جائیں گے، جب کہ افغانستان اپنے دو راؤنڈ رابن لیگ میچز بھی یہاں کھیلے گا۔ ویسٹ انڈیز کا ایک میچ بھی یہاں شیڈول ہے جہاں اُس نے 2017ء میں انگلینڈ کا تاریخی ٹیسٹ جیتا تھا۔

ہمپشائر باؤل، ساؤتھمپٹن
ہمپشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کا ہوم ہمپشائر باؤل نسبتاً نیا گراؤنڈ ہے جو 2001 میں تعمیر ہوا۔ اس گراؤنڈ میں 17ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

ہمپشائر باؤل پہلی مرتبہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میچز کی میزبانی کرے گا جہاں ایونٹ کے پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ہمپشائر کاؤنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گی۔ 1983 اور 1999 ایڈیشنز کے میچز پرانے نارتھ لینڈز روڈ گراؤنڈ پر کھیلے جا چکے ہیں۔

ہمپشائر باؤل میں کرکٹ کے تینوں فارمیٹ کے انٹرنیشنل میچز ہو چکے ہیں جب کہ 2004ء میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پانچ میچز بھی یہاں کھیلے گئے تھے۔

ایجبسٹن، برمنگھم
واروکشائر کرکٹ کاؤنٹی کا ہوم ایجبسٹن 1886ء میں قائم ہوا جو ساڑھے 24 ہزار شائقین کرکٹ کو اپنے اندر سمو سکتا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے فرسٹ کلاس کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور 501 رنز ناٹ آؤٹ اسی گراؤنڈ پر بنایا تھا۔

اس گراؤنڈ کو گزشتہ چار آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے جب کہ 1979، 1983 اور 1999 ایڈیشنز کے سیمی فائنل بھی اس گراؤنڈ پر کھیلے گئے۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ 2019 کے ایک سیمی فائنل اور انگلینڈ، بھارت کے ہائی پروفائل مقابلے سمیت پانچ میچز اس گراؤنڈ پر ہوں گے۔

شائقین کرکٹ ایجبسٹن میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان 1999 کے ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کبھی فراموش نہیں کر سکتے جو بلاشبہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کا انتہائی سنسنی خیز مقابلہ تھا۔ دونوں ٹیموں کا اسکور برابر تھا اور جنوبی افریقہ کے ایلن ڈونلڈ اور لانس کلوزنر کریز پر تھے لیکن دونوں بیٹسمین رن نہ لے سکے جس کی وجہ سے آسٹریلیا نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔

کاؤنٹی گراؤنڈ، ٹاؤنٹون
سمرسیٹ کاؤنٹی کرکٹ کلب کے ہوم کاؤنٹی گراؤنڈ ٹاؤنٹون میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے تین میچز کھیلے جائیں گے۔ اسٹیڈیم میں مجموعی طور پر 8 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

سن 1882 میں تعمیر ہونے والا یہ گراؤنڈ 1983 میں ایک اور 1999ء میں دو ورلڈ کپ میچز کی میزبانی کر چکا ہے۔ سن 2017 میں کاؤنٹی گراؤنڈ ٹاؤنٹون نے آئی سی سی وومنز ورلڈ کپ کے سات میچز کی میزبانی کی تھی۔

کارڈف ویلز اسٹیڈیم، کارڈف
کارڈف ویلز اسٹیڈیم آئی سی سی ٹورنامنٹس کی میزبانی کے حوالے سے نیا نام نہیں ہے۔ یہ اسٹیڈیم کرکٹ ورلڈ کپ 1999ء کے ساتھ ساتھ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آخری دو ایڈیشنز کی بھی میزبانی کر چکا ہے۔

گلیمورگن کاؤنٹی کرکٹ کلب کا ہوم کاروڈف ویلز اسٹیڈیم کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے چار میچز کی میزبانی کرے گا۔ 1999 کے ورلڈ کپ میں یہاں صرف ایک میچ کھیلا گیا تھا۔

سن 1854 میں بننے والے اس گراؤنڈ میں 15 ہزار 200 شائقین کرکٹ کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

یہاں پہلا کاؤنٹی میچ 1967 میں کھیلا گیا تھا جب کہ پہلا بین الاقوامی میچ 1999ء کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا۔

اسی گراؤنڈ پر پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017ء کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دی تھی۔

برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ، برسٹل
سن 1889 میں تعمیر ہونے والے برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ میں 11 ہزار افراد ایک ساتھ بیٹھ کر میچ سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ یہاں ورلڈ کپ 2019ء کے تین میچز کھیلے جائیں گے۔ اس گراؤنڈ پر ورلڈ کپ 1983ء میں ایک اور 1999ء میں دو میچز کھیلے گئے تھے۔

برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ پر مستقبل قریب میں آئی سی سی وومنز کرکٹ ورلڈ کپ 2017ء کے 8 میچز کھیلے گئے تھے جن میں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا سیمی فائنل بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG