رسائی کے لنکس

ورلڈ ٹی20: انگلینڈ نیوزی لینڈ کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا


فائل
فائل

انگلینڈ نے 154 رنز کا ہدف اٹھارہویں اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

بھارت میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

بدھ کو دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر کیویز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جنہوں نے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کولن منرو 46 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ کپتان کین ولیمسن نے 32 رنز اسکور کیے۔

انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیوڈ وِلی، کرس جورڈن، لیام پلنکیٹ اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواباً انگلینڈ نے 154 رنز کا ہدف اٹھارہویں اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

انگلش اننگز کی خاص بات اوپنر جیسن رائے کی جارحانہ بلے بازی رہی جنہوں نے 4 گیندوں پر 78 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کی فتح میں بنیادی کردار ادا کیا۔

جوز بٹلر 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کیویز کی جانب سے اِش سوڈھی نے دو اور مچل سینٹنر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو میزبان بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا جس کی فاتح ٹیم اتوار کو ہونے والے فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ کرے گی۔

XS
SM
MD
LG