رسائی کے لنکس

پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست، بابر کم بیک کے لیے پرعزم


انگلینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں بابر اعظم نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں بابر اعظم نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔ شکست کے بعد پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے سیریز میں کم بیک کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مانچسٹر کے اورلڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے تھے۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور پانچ گیندیں قبل ہی پانچ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے مخالف ٹیم کو بڑا ہدف دینے کے باوجود میچ میں شکست پر مایوسی کا اظہار کیا۔

انہوں نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انگلش کپتان این مورگن اور ڈیوڈ ملان کی تعریف کی اور کہا کہ انگلش کھلاڑیوں نے بہت عمدہ اننگز کھیلی جس کی وجہ سے میچ ہاتھ سے نکل گیا۔

تاہم انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں کم بیک کر کے سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میچ سے قبل 170 رنز تک بنانے کا پلان تھا لیکن محمد حفیظ کی زبردست بیٹںگ کی بدولت 195 رنز بنائے لیکن بدقسمتی میں ہم اچھی بالنگ نہ کر سکے۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی کا احوال

اولڈ ٹریفورڈ ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 72 رنز کی شراکت قائم کی تو فخر زمان 36 رنز بنا کر عادل رشید کا شکار بن گئے۔

بابر اعظم 56، محمد حفیظ 69 اور شعیب ملک 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ افتخار احمد آٹھ اور اور شاداب خان بغیر کوئی رنز بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح پاکستان نے چار وکٹوں پر 195 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹام بینٹن اور جونی برسٹو نے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 66 رنز کی شراکت قائم کی۔

جونی برسٹو 44 اور ٹام بینٹن 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان این مورگن نے 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

بلے باز ڈیوڈ ملان 54 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے اور ان کے ساتھ سیم بلنگ 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر این مورگن کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے تین اور حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG