رسائی کے لنکس

انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں56 رنز کی برتری حاصل


پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا ہے۔ پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی دوسری اننگز جاری ہے جس میں اسے 56رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ انگلینڈ نے اب تک 6 وکٹوں پر 235 رن بنا لئے ہیں۔ بٹلر 66رنز اور بیس 55رنز پر کھیل رہے ہیں۔

آج کے کھیل میں بھی پاکستانی بالرز کا پلڑا بھاری رہا جنہوں نے انگلینڈ ٹیم کو مشکل میں ڈال رکھا۔ محمد عامر، محمد عباس اور اسپنر شاداب خان انگلش بیٹسمینوں کے لئے مسلسل پریشانی کا باعث رہے جس کی وجہ سے انگلینڈ کے ابتدائی بیٹسمین کھل نہ کھیل سکے۔

اننگز کا آغاز الیسٹر کک اور اسٹونمین نے کیا۔ لیکن محمد عباس نے الیسٹر کک کو صرف ایک رن پر اپنا شکار بناتے ہوئے ایل بی ڈبلیو کر دیا، جبکہ شاداب خان نے اسٹونمین کو اس وقت بولڈ کردیا جب ٹیم کا اسکور 31رنز تھا ۔اسٹونمین نے 9 رنز بنائے۔

میزبان ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں مالان نے12 ،جونی بیئراسٹو نے صفر بین اسٹوکس نے 9 ،جو روٹ نے68 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر، عباس اور شاداب خان نے دو، دو وکٹس حاصل کئے۔ اتوار کو میچ کا چوتھا دن ہے۔ تاہم، لگتا ایسا ہے کہ کل ہی میچ اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا، کیوں کہ انگلینڈ کے پاس صرف چار کھلاڑی باقی بچے ہیں جو زیادہ سے زیادہ لیڈ دینے میں کامیاب بھی ہوئے تو پاکستان ہدف کا تعاقب کرکے یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہوسکتا ہے۔

میچ کے شروع میں پاکستان نے تیسرے دن کا آغازاپنی اننگز 350 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن صرف 13 رنز کے اضافے کے ساتھ پوری ٹیم 363 رنز پر آؤٹ ہوگئی ۔ یوں انگلینڈ کو 179 رنز کی ٹریل ملی۔

انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 184 رنز بنائے تھے جو پہلی اننگز میں اس کا اب تک کم ترین اسکورہے۔

XS
SM
MD
LG