رسائی کے لنکس

برسات کے موسم میں مختلف ذائقے کی مزیدار چائے بنانا ہے بہت آسان


سردی ہو یا گرمی چائے کے شوقین افراد کے لیے کوئی موسم معنی نہیں رکھتا کیوں کہ انہیں اپنی روزمرہ کی روٹین میں چائے لازمی چاہیے ہوتی ہے۔

لیکن جب گہرے سیاہ بادل، ٹھنڈی ہوا اور بارش کا موسم ہو، تو چائے ایک ایسا مشروب ہے جس کی اس موسم میں طلب بڑھ جاتی ہے۔

شہروں یا بعض علاقوں کے رہنے والے ہوٹلوں اور کیفیز میں چائے پینا پسند کرتے ہیں جب کہ کسی کو اپنے گھر کی چھت یا بالکونی میں بیٹھ کر چائے پینا پسند ہوتا ہے۔

آج ہم آپ کو چائے کی مختلف اور آسان ترکیبیں بتانے والے ہیں جس سے گھر میں رہ کر مون سون کے دوران خوش گوار موسم سے لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے۔

مسالہ چائے

جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہو رہا ہے کہ اس چائے میں صرف چائے کی پتی ہی نہیں بلکہ دیگر مسالوں کا بھی استعمال ہوتا ہے۔

مسالہ چائے بنانے کے لیے چائے کی پتی کے علاوہ چھوٹی الائچی، دار چینی، لونگ، ادرک اور دودھ کی ضرورت ہوگی۔

سب سے پہلے تین چھوٹی الائچی، آدھا انچ دار چینی کا ٹکڑا، دو لونگ اور آدھے انچ ادرک کے ٹکڑے کو ہلکا سے کوٹ لیں۔

پھر چائے کے برتن میں میں ایک کپ پانی ڈال کر اسے ابالیں، جیسے ہی پانی میں ابال آ جائے تو آنچ دھیمی کر کے اس میں تمام مسالوں اور دو چھوٹے چمچے پتی شامل کر لیں۔

چائے کوپانچ سے سات منٹ تک ہلکی ہی آنچ پر پکانے کے بعد اس میں چینی اور دودھ شامل کر کے ابال آنے تک پکائیں۔

جیسے ہی ابال آجائے تو چولہا بند کر دیں اور مزیدار مسالہ چائے کو بسکٹس کے ساتھ انجوائے کریں۔

ادرک چائے

مون سون کے موسم میں ادرک والی چائے پینے کا اپنا ہی مزہ ہے جب کہ ادرک نزلہ، زکام اور گلے کے لیے بھی مفید سمجھا جاتا ہے۔

ادرک چائے بنانے کے لیے ایک کپ پانی، ڈیڑھ انچ بڑا ادرک کا ٹکڑا، دو سے ڈھائی چھوٹے چمچے چائے کی پتی، حسبِ ضرورت چینی اور دودھ درکار ہے۔

چائے بنانے کے لیے سب سے پہلے ادرک کو کوٹ لیں اور پتیلی میں ایک کپ پانی ڈال کر اسے ابال کے لیے چھوڑ دیں۔

جیسے ہی پانی میں ابال آجائے تو اس میں کُٹی ادرک اور چائے ایک سے دو چمچ چائے کی پتی ڈال کر پانچ سے سات منٹ ہلکی آنچ پر دم دیں۔

بعدازاں اس میں چینی اور دودھ کو شامل کر کے ابال آنے تک پکائیں۔ گرما گرم ادرک چائے کو چھان کر پیش کریں۔

کڑک دودھ پتی

اکثر لوگ باہر جا کر کڑک چائے پینا پسند کرتے ہیں لیکن یہ چائے آپ اپنے گھر میں بھی بنا سکتے ہیں۔

کڑک دودھ پتی بنانے کے لیے آپ کو چھوٹی الائچی، چینی، چائے کی پتی اور دودھ چاہیے ہوگا۔

سب سے پہلے پتیلے میں تین کپ دودھ ڈال کر اسے اچھی طرح ابالیں۔

دودھ جب تین کپ سے تھوڑا کم ہوجائے تو اس میں چھوٹی الائچی کو کوٹ کر شامل کریں اور ساتھ ہی تین چھوٹے چمچ پتی اور حسبِ ذائقہ چینی ڈال دیں۔

چائے میں تمام چیزیں شامل کرنے کے بعد اسے دھیمی آنچ پر پکائیں اور چھان کر خود بھی نوش کریں اور مہمانوں کو بھی پیش کریں۔

XS
SM
MD
LG