رسائی کے لنکس

مارننگ شوز کی کامیاب میزبان


مارننگ شوز کی اس بہار میں دو خواتین ایسی ہیں جن کے شوز کی مقبولیت صرف پاکستان تک ہی محدود نہیں، بلکہ پاکستان سے باہر بھی پھیلی ہوئی ہے اور لوگ اُن کو بہت پسند کرتے ہیں: یہ دو میزبان ہیں ’نادیہ خان‘ اور شائستہ واحدی

ہر صبح کے آغاز پر پاکستانی ٹی وی چینلز کی اسکرینز رنگ برنگے مارننگ شوز سے سج جاتی ہیں۔ ان شوز میں کھانا پکانے سے لے کر دبلا ہونے تک اور جن اتارنے سے لے کر شادی کرانے تک ہرقسم کا موضوع زیر بحث آتا ہے۔

مارننگ شوز کی اس بہار میں دو خواتین ایسی ہیں جن کے شوز کی مقبولیت صرف پاکستان تک ہی محدود نہیں بلکہ پاکستان سے باہر بھی پھیلی ہوئی ہے اور لوگ اُن کو بہت پسند کرتے ہیں۔ مارننگ شوز کی یہ دو میزبان ہیں ’نادیہ خان‘ اور ’ڈاکٹر شائستہ واحدی۔

شائستہ واحدی ’جیوانٹرٹینمنٹ‘سے ’اٹھو جاگو پاکستان‘ کی میزبانی کرتی ہیں، جبکہ’ نادیہ خان شو‘ یکم فروری سے ایک نئے انداز میں ہر جمعہ اور ہفتے کو پیش کیا جائے گا۔

گفتگو کے فن میں ماسٹر نادیہ اور شائستہ دونوں ہی اپنی مزے مزے کی باتوں، شوخیوں اور اسٹائلش کپڑوں کی وجہ سے خواتین میں بہت مقبو ل ہیں۔ لائیو کالز لیتے ہوئے ’ہیپی ٹو یو‘ کہتی ہوئی نادیہ خان ہوں یا ’شادی بیاہ‘ سمیت مختلف قسم کے ’ہفتے‘ یعنی ’ویک‘ مناتی شائستہ واحدی، دونوں ہی نے دیکھنے والوں کے دلوں میں کچھ اس طرح گھر کیا ہے گویا کوئی خاندان کا فرد ہوں۔

جمعرات کو پیش کیا جانے والا شائستہ واحدی کا شو ،ہر لحاظ سے مختلف اور دھماکے دار ثابت ہوا، کیونکہ اس میں بلائی گئی مہمان کوئی اور نہیں بلکہ نادیہ خان تھیں۔ یہ ایک خوشگوار سرپرائز تھا جسے ناظرین کی بڑی تعداد نے بھی سراہا۔

چونکہ دونوں ہی مارننگ شوز کی میزبانی کرتی ہیں، تو دونوں ہی اکثر اپنے شوز میں ایک دوسرے کو پاٹ دار جملوں اور نوک جھونک کا نشانہ بناتی رہی ہیں ، اس لئے آج دونوں میزبانوں کو ایک ساتھ دیکھنے والوں نے خوب انجوائے کیا۔
XS
SM
MD
LG