رسائی کے لنکس

یورپی یونین کا مغربی کنارے کی مصنوعات پر پالیسی اعلان


یورپی یونین نے اسرائیل کی نوآباد بستیوں میں تیار کی گئی مصنوعات پر الگ لیبل لگانے کے رہنماء اصول وضع کردئے۔ اسرائیل نے اس فیصلے کے خلاف احتجاج کے لئے یورپی یونین کے ساتھ ہونے والے کئی اجلاس منسوخ کردئے ہیں

یورپی یونین نے اسرائیل کی نوآباد بستیوں میں تیار کردہ مصنوعات پر ’ لیبل‘ لگانے کے نئے رہنما اصول وضع کردئے ہیں، جس پر اسرائیل نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اس فیصلے کو سیاسی بنیاد پر امتیازی سلوک قرار دیا ہے۔

یوریی یونین برسوں سے اسرائیل سے یہ وضاحت طلب کرتی رہی ہے کہ مصنوعات اگر مقبوضہ علاقوں میں آباد کی گئی بستیوں میں بنائی گئی ہیں تو اس کی نشاندہی کی جائے۔ وضاحت نہ ہونے پر بدھ کو اس حوالے سے رہنما اصول جاری کردئے گئے۔

صورتحال یہ ہے کہ 1967ء میں 6 روزہ لڑائی کے دوران مغربی کنارے، مشرقی یرشلم، غزہ کی پٹی اور گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کیا گیا۔ لیکن، یہ علاقے بین الااقوامی طور پر اسرائیلی حدود تسلیم نہیں کئے جاتے۔

یورپی یونین کا اصرار ہے کہ ان کا یہ اقدام سیاسی نہیں، بلکہ خالص فنی مسئلہ ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ یہودی نوآباد بستیوں میں تیار کردہ مصنوعات کی الگ نشاندہی کے لئے لیبل لگانے کے اس فیصلے پر یورپی یونین کو، بقول ان کے، شرم آنی چاہئے۔

انھوں نے اس فیصلے کو جنگ عظیم دوم کے موقع پر نازیوں کی جانب سے یہودیوں کے تجارتی بائیکاٹ کے فیصلے سے مماثل قرار دیا۔

اسرائیل نے اس فیصلے کے خلاف احتجاج کے لئے یورپی یونین کے ساتھ ہونے والے کئی اجلاس منسوخ کردئے ہیں۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’غیر معمولی اور امتیازی قدم‘ قرار دیا۔

اسرائیل میں یورپی یونین کے سفیر لارس فیبرگ اینڈرسن کو یرشلم کی وزارت خارجہ میں طلب کرلیا گیا ہے۔

یورپی یونین اسرائیل کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے جن کے درمیان 32 ارب ڈالر کی تجارت ہوتی ہے، یورپی یونین کے پاس نوآباد علاقوں کی مصنوعات کی درآمد کے کوئی سرکاری اعداد و شمار موجود نہیں۔ لیکن، انھیں یقین ہے کہ یہ کل تجارتی حجم کے ایک فیصد سے بھی کم ہے۔

منگل کو امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان سے سوال کیا گیا کہ کیا یورپی یونین براہ راست رہنماء اصول جاری کردے گی، تو ترجمان نے کہا کہ امریکہ اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ اور اسے تنہا کرنے کی مخالفت کرے گا۔ تاہم، یہودی آبادکاری ناجائز اور امن کوششوں کے لئے نقصان دہ ہے۔

XS
SM
MD
LG