رسائی کے لنکس

یورپی رہنما 750 ارب یورو کے کرونا اقتصادی بحالی پیکج پر متفق


یورپی ملکوں کے رہنماؤں کے درمیان بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں چار روز تک مذاکرات جاری رہے۔
یورپی ملکوں کے رہنماؤں کے درمیان بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں چار روز تک مذاکرات جاری رہے۔

یورپی یونین کے رکن ملکوں نے کرونا وائرس کے سبب متاثر ہونے والی معیشت کی بحالی کے لیے 750 ارب یورو کے امدادی پیکج پر اتفاق کر لیا ہے۔

بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں جاری چار روزہ مذاکرات کے بعد یورپی یونین کے رہنماؤں نے منگل کو اقتصادی پیکج پر اتفاق کیا۔

اقتصادی بحالی کے معاہدے کے تحت 390 ارب یورو کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کو امداد کی مد میں دیے جائیں گے جب کہ 360 ارب یورو قرض کی شکل میں تقسیم ہوں گے۔

یورپین کمیشن متاثرہ ملکوں میں رقم کی تقسیم کا ذمہ دار ہو گا جب کہ متاثرہ ملکوں میں اس رقم کے استعمال پر تحفظات کی صورت میں یونین کے 27 ملک اکثریتی بنیاد پر مداخلت کر سکیں گے۔

یورپی یونین کے ممبر ممالک کے رہنماؤں کی جانب سے منظور کردہ پیکج پر مزید تیکنیکی بات چیت کے لیے اس پیکج کی یورپی پارلیمنٹ سے بھی منظوری درکار ہے۔ جمعرات کو یورپین پارلیمنٹ کے اجلاس میں اس پیکج کی توثیق کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اقتصادی پیکج کا ایک بڑا حصہ یورپ کے اُن ملکوں پر خرچ ہو گا جن کی معیشت کرونا وائرس سے شدید متاثر ہوئی ہے۔ ان ملکوں میں اسپین اور اٹلی نمایاں ہیں جنہوں نے پیکج پر یونین کے دیگر ملکوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے بھرپور لابنگ کی تھی۔

اسپین میں اب تک کرونا کے ڈھائی لاکھ سے زیادہ اور اٹلی میں بھی لگ بھگ ڈھائی لاکھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اسی طرح جرمنی میں دو لاکھ اور فرانس میں ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

سوئیڈن، بیلجیم، یوکرائن، نیدرلینڈز، پرتگال، پولینڈ اور دیگر یورپی ملکوں میں کرونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ کے اندر اندر ہے اور بیشتر ملکوں میں کاروباری سرگرمیاں بحال ہیں۔

کرونا سے متاثرہ یورپی ملکوں کے لیے اقتصادی پیکج پر مذاکرات کے دوران کئی رہنما اپنے اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے تھے اور کسی نتیجے پر نہ پہنچنے کے باعث مذاکرات چار دن اور چار راتوں تک جاری رہے۔

ستائیس ملکوں پر مشتمل یورپی یونین کے مذاکرات کے دوران نیدرلینڈز نے کئی مواقع پر اجلاس سے واک آؤٹ کی بھی دھمکی دی۔ تاہم جرمنی اور فرانس نے دیگر ملکوں کو معاہدے پر متفق کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

یورپی رہنماؤں کے درمیان اقتصادی بحالی پیکج پر چار روز تک مذاکرات جاری رہے ہیں۔
یورپی رہنماؤں کے درمیان اقتصادی بحالی پیکج پر چار روز تک مذاکرات جاری رہے ہیں۔

فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں نے اقتصادی بحالی کے پیکج کو بڑی کامیابی اور اس دن کو تاریخی قرار دیا ہے۔

گروپ میں شامل شمالی یورپی ممالک نیدرلینڈز کی سربراہی میں پیکج کی مخالفت کر رہے تھے اور اسے غیر ضروری قرار دے رہے تھے۔

یورپی کونسل کے صدر چارلز مائیکل نے منگل کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ہم نے کر دکھایا اور بحالی کے پیکج پر ایک معاہدہ کر لیا۔ ان کے بقول یہ ایک پائیدار معاہدہ ہے جس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ درست وقت پر طے ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG