رسائی کے لنکس

لاہور میں فیکٹری کی چھت گر گئی، 12 افراد ہلاک


فیکٹری چار منزلہ تھی جس کی کچھ منزلوں پر ابھی تعمیراتی کام جاری تھا کہ اچانک فیکٹری کی چھت نیچے آ گری اور اس کے بعد عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہوتی چلی گئی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت انتہائی خستہ حال تھی اور حالیہ زلزلے سے اس میں مزید دراڑیں پڑ گئی تھیں

لاہور میں ایک فیکٹری کی چھت گرنے سے کم از کم 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ واقعہ ’سندر انڈسٹریل اسٹیٹ‘ نامی علاقے میں پیش آیا جہاں زیادہ تر فیکٹریاں قائم ہیں، جس فیکٹری کی چھت منہدم ہوئی ہے وہاں پلاسٹک کے شاپنگ بیگز بنتے تھے۔

حادثے کے نتیجے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ فیکٹری چار منزلہ تھی جس کی کچھ منزلوں پر ابھی تعمیراتی کام جاری تھا کہ اچانک فیکٹری کی چھت نیچے آ گری اور اس کے بعد عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہوتی چلی گئی۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت انتہائی خستہ حال تھی اور حالیہ زلزلے سے اس میں مزید دراڑیں پڑ گئی تھیں۔

فیکٹری میں تقریباً 200 افراد ملازمت کرتے تھے اور ان کا فیکٹری میں ہی عارضی قیام تھا۔ ان اطلاعات کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملبے میں دبنے والے افراد کی تعداد ایک سو سے بھی زائد ہو سکتی ہے۔ تاہم، ابتدائی اطلاعات کے مطابق، متعدد لاشیں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔

ملبے کے نیچے دب جانے والے مزید افراد کو نکالنے کے لئے امدادی ٹیمیں اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم، اندھیرے کے سبب ریسکیو کے کاموں میں مشکلات درپیش ہیں۔

واقعے کے بعد تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

XS
SM
MD
LG