رسائی کے لنکس

’آ جا سجنا ملئے جلئے‘، فواد خان کی سیریل اب بھارتی ٹی وی پر


’آ جا سجنا ملئے جلئے‘ نذیر احمد دہلوی کے ناول ’مراة العروس‘ سے ماخوذ ہے جسے جدید زمانوں کے تقاضوں میں ڈھال کر پیش کیا گیا ہے۔ ڈرامہ پاکستان میں پہلے بھی دکھایا جا چکا ہے جبکہ بھارت میں یہ ’زندگی‘ چینل پر پیش کیا جائے گا

رومینٹک چاکلیٹی ہیرو فواد خان بھلے ہی ان دنوں سلوراسکرین پر کامیابی کے جھنڈے گاڑنے میں مصروف ہیں، لیکن ان کی شاندار کامیابیوں کے سفر کی شروعات چھوٹی اسکرین یعنی ٹی وی سے ہوئی تھی جہاں ان کے کریڈٹ پر ’زندگی گلزار ہے‘ اور ’ہمسفر‘ جیسی میگا ہٹ سیریلز جگمگا رہی ہیں۔

بھارتی چینل ’سی این این، آئی بی این‘ کی ویب سائٹ کے مطابق ڈرامہ سیریل ’آ جا سجنا ملئے جلئے‘ میں فوادخان رومینس تو کرتے نظر آئیں گے۔ لیکن، کامیڈی کے تڑکے کے ساتھ۔۔ ڈرامے میں فواد کی کواسٹارز ہوں گی صنم بلوچ اور عمائمہ ملک۔

’آ جا سجنا ملئے جلئے‘ نذیراحمد دہلوی کے ناول ’مراة العروس‘ سے ماخوذ ہے جسے جدید زمانوں کے تقاضوں میں ڈھال کر پیش کیا گیا ہے۔ ڈرامہ پاکستان میں پہلے بھی دکھایا جا چکا ہے جبکہ بھارت میں یہ ’زندگی‘ چینل پرپیش کیا جائے گا۔

تینتیس سالہ فواد خان’آ جا سجنا ملئے جلئے‘ میں ایک ایسے نوجوان اصغر کا کردار نبھا رہے ہیں، جس کا زندگی میں کوئی مقصد نہیں اور جو بغیر محنت شارٹ کٹ سے سب کچھ حاصل کرنا چاہتا ہے۔اس کے والدین اوردوست بھی اسے ناکارہ سمجھتے ہیں۔

اصغر کو صرف ایک ہی چیز سے دلچسپی ہے اور ایک ہی کام وہ بڑے زور و شور سے کرتا ہے اور وہ ہے لڑکیوں کے پیچھے بھاگنا۔ وہ ایک ایسی امیرکبیر لڑکی سے شادی کرنا چاہتا ہے جو اسے اس کے گاوٴں اور دقیانوسی ماحول سے بہت دور لے جائے۔

سال 2014 میں فلم ’خوبصورت‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والے فوادخان آج کل ’کپوراینڈ سنز‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کی کاسٹ میں سدھارتھ ملہوترا، عالیہ بھٹ اور رشی کپور بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG