رسائی کے لنکس

شاہ رخ، دپیکا 'فلم فیئر گلیمر اینڈ اسٹائل ایوارڈ' کے فاتح


شاہ رخ خان (فائل فوٹو)
شاہ رخ خان (فائل فوٹو)

ہالی ووڈ میں جو حیثیت آسکر ایوارڈز کی ہے، وہی بھارت میں 'فلم فیئر ایوارڈز' کو حاصل ہے۔ یہ ایوارڈ کئی عشروں پہلے شروع ہوئے تھے اور ہر گزرتے سال کے ساتھ ان کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے۔

بالی ووڈ فن کاروں کے لیے 'فلم فیئر ایوارڈز' ملنا تو بڑے اعزاز کی بات تھی ہی، لیکن اب ان ایوارڈز کا ایک اور 'ورژن' بھی شروع ہوگیا ہے جسے 'فلم فیئر اسٹائل اینڈ گلیمر ایوارڈ' کا نام دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز سال 2019ء کے اسٹائل اور گلیمر ایوارڈز کا اعلان ہوا جس میں شاہ رخ خان، دپیکا پڈوکون اور سوناکشی سنہا سب پر بازی لے گئے۔

ایوارڈز کی تقریب دنیا بھر میں اسی نوعیت کی ہونے والی تقریبات کے ہم پلہ تھی۔ رنگا رنگ، خوشبوؤں سے معطر، ساز و آواز کا جادو اور گلیمر تقریب میں چھایا رہا۔

موسٹ گلیمرس اسٹارز کا ایوارڈ دپیکا پڈوکون اور شاہ رُخ خان کو ملا جب کہ منفرد انداز اپنانے کا ایوارڈ سوناکشی سنہا کے نام رہا۔

سونم کپور اور شاہد کپور موسٹ اسٹائلش اسٹارز قرار پائے۔

'ٹائم لیس بیوٹی' کا ایوارڈ لوٹا کاجول نے جب کہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور اور یشان کھتر کو فیشن کے ابھرتے ہوئے ستاروں کا اعزاز ملا۔

دلجیت دوسنجھ کو اسٹائلش میوزیشن جب کہ ریکھا، ایوشمان کھرانہ اور وکی کوشال کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا۔

آپ نے نوٹ کیا ہوگا کہ ایوارڈز کی کیٹیگریز کے نام بھی 'اسٹائلش' ہیں اور انہیں جیتنے والے بھی اسٹائلش۔ اس ایوارڈ کے شروع کیے جانے کا ایک مقصد برسوں سے دیے جانے والے فلم فیئر ایوارڈز کو ایک نیا روپ اور نیا اسٹائل دینا بھی ہے۔

ایوارڈز کی تقریب میں ریکھا جی ہوں یا دپیکا پڈوکون، ڈیانا ہوں یا ہوں کرشمہ کپور۔۔۔ ایک سے بڑھ کر ایک فن کار اور فن کاراؤں نے شرکت کی اور ریڈ کارپٹ پر اپنے دلکش انداز سے پوز بنوائے۔

XS
SM
MD
LG