رسائی کے لنکس

شاہ رخ خان ’زیرو ‘ ہوگئے


بالی وڈ کے میگا ہیرو شاہ رخ خان ’زیرو‘ہوگئے۔ دراصل ان کے ہیرو سے’ زیرو‘ بننے کا راز یہ ہے کہ ’زیرو‘شاہ رخ خان کی نئی آنے والی فلم کا نام ہے جس میں وہ اپنے کیرئیر کا سب سے منفرد کردارنبھا نے کا دعویٰ کررہے ہیں۔۔یہ کردار ایک ’بونے‘یا پستہ قد آدمی کا ہے۔

ریلیز سے پہلے اور ٹریلر کو دیکھ کرہی لوگ’ زیرو‘ کوسال کی چند بڑی فلموں میں سے ایک قراردے رہے ہیں۔یہ ٹریلرشاہ رخ خان کی سالگرہ والے دن یعنی 2 نومبر کو ریلیز کیا گیا۔

ریلیز کے ساتھ ہی ٹریلر نے دھوم مچا دی ہے، یہاں تک کہ ان کے مداحوں کی بے چینی میں اضافہ ہوگیا ہے ۔

’زیرو‘ کہانی ہے ایسے چھوٹے قد کے 38 سالہ آدمی کی جوشادی کرکے لائف میں سیٹل ہونا چاہتا ہے لیکن قد کی وجہ سے کوئی لڑکی شادی کے لئے تیار نہیں ہوتی۔

ایسے میں ایک دن ’بووا‘ یعنی شاہ رخ کو ایک لڑکی کی تصویر ملتی ہے جس کا نام عافیہ ہے۔ بس بووا تصویر دیکھتے ہی شادی کے لئے جھٹ پٹ تیار ہوجاتا ہے لیکن یہ نہیں جانتا کہ عافیہ دنیا کی مشہور سائنسدان ہے لیکن کمر کی تکلیف کی وجہ سے وہیل چیئرپر زندگی گزار رہی ہے۔

عافیہ کا کردار’رب نے بنادی جوڑی‘ میں شاہ رخ کے ساتھ اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کرنے والی ہیروئن انوشکا شرما نے ادا کیا ہے۔

ویسے فلم کا ٹریلردیکھنے والوں کو ’زیرو’ میں انوشکا کے کردار اور شہرہ آفاق آنجہانی سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ میں مماثلت دکھائی دی۔

کہانی میں ٹوئسٹ کترینہ کیف کی اینٹری عین اس وقت ہے جب عافیہ بووا سے شادی کے لئے راضی ہوجاتی ہے اورشاہ رخ کترینہ کی محبت میں گرفتارہوجاتے ہیں جو ایک مشہور شوبز سلیبرٹی ہے لیکن چمکتی دنیا کی چکاچوند میں ڈپریشن کا شکار ہے۔

فلم ریلیز سے پہلے تنازع میں پھنس گئی
اب کچھ بات فلم کے حوالے سے اٹھنے والے تنازع کی ۔شاہ رخ خان کے طویل کیرئیر میں کوئی ایسی فلم نہیں جس پرمذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام نہ لگا ہو لیکن ’زیرو‘ نے یہ ریکارڈ توڑ دیا۔

سکھ مت سے تعلق رکھنے والے ایک گروپ نے فلم کے ڈائریکٹرآنند ایل رائے کے خلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے کی شکایت درج کراتے ہوئے فلم کے پرومو پر فوری پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔

دہلی سکھ گرو دوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری من جندرسنگھ سرسا کا کہنا ہے ’فلم کے بارے میں بہت سی شکایات موصول ہورہی تھیں کہ شاہ رخ نے فلم کے پرومو میں سکھ مذہب کے لئے مقدس ’کرپان ‘ پہنی ہے۔ درخواست میں فلم سے یہ متنازع سین نکالنے کی استدعا کی گئی ہے ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ اگر ایسا نہ ہوا تو فلم کی ریلیز پرمختلف سینما گھروں کے باہر مظاہرے کئے جائیں گے۔

ادھر ’زیرو ‘ کی پی آر ٹیم نے جواب میں وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہےکہ فلم میں ’کرپان ‘ نہیں بلکہ’ کٹار‘ دکھائی گئی ہے جو برصغیر میں عام اور مشہور خنجر ہے۔ فلم سے وابستہ لوگ کسی بھی مذہب کی دل آزاری کا سوچ بھی نہیں سکتے۔‘

شاہ رخ خان، انوشکا شرما اور کترینہ کیف اسٹارر ’زیرو‘ 21 دسمبرکو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

XS
SM
MD
LG