رسائی کے لنکس

ڈیموکریٹک صدارتی امیدواروں کا آخری مباحثہ آج


ڈیموکریٹک مباحثے کے میزبانوں میں پاکستانی نژاد آمنہ نواز بھی شامل ہیں۔
ڈیموکریٹک مباحثے کے میزبانوں میں پاکستانی نژاد آمنہ نواز بھی شامل ہیں۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے 2020 کے امریکی صدارتی انتخاب کیلئے ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدواروں کا آخری پرائمری مباحثہ آج جمعرات کی رات لاس اینجلس سے مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے نشر ہو رہا ہے، جو تین گھنٹے تک جاری رہے گا۔

پی بی ایس اور جریدے ’پولیٹیکو‘ کے زیر اہتمام ہونے والے اس آخری مباحثے کے چار میزبانوں میں پاکستانی نژاد آمنہ نواز کے علاوہ سینئیر امریکی صحافی جوڈی ووڈ رف، یامیچے السنڈور اور ٹم البرٹا شامل ہیں۔

ڈیموکریٹک مباحثے کے مناظر
ڈیموکریٹک مباحثے کے مناظر

اس سلسلے میں ہونے والے پہلے مباحثے میں 20 امیدواروں نے شرکت کی تھی۔ تاہم، رفتہ رفتہ بہت سے امیدواروں نے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے اور اب آخری پرائمری مباحثہ صرف سات امیدواروں کے درمیان ہوگا۔ اس سے قبل آٹھ امیدواروں نے اس مباحثے کیلئے کوالی فائی کیا تھا۔ تاہم، ان میں سے ایک بھارتی نژاد کملا ہیرس نے حال ہی میں مقابلے سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ حالیہ طور پر مقابلے میں آنے کا اعلان کرنے والے ارب پتی مائیکل بلومبرگ اس مباحثے میں شریک نہیں، کیونکہ حتمی امیدواروں کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا تھا۔

اس میں شرکت کرنے والے سات امیدواروں میں سابق نائب صدر جو بائیڈن، ساؤتھ بینڈ انڈیانا کے میئر پیٹ بٹّی گیگ، مینے سوٹا سے سینیٹر ایمی کلوبوچر، ورمانٹ سے سینیٹر برنی سینڈرز، ارب پتی سماجی کارکن ٹام سٹیئر، میساچیوسٹس سے سینیٹر ایلزبتھ وارن اور سرمایہ کار اینڈریو ینگ شامل ہیں۔

مباحثے کے سٹیج پر امیدواروں کی ترتیب کا فیصلہ ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کی جانب سے منعقد کیے گئے عوامی جائزے کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جس میں سب سے مقبول امیدواروں کو درمیان میں رکھا گیا ہے۔ کم مقبولیت کے حامل امیدوار دونوں اطراف میں کھڑے ہوتے ہیں۔ یوں، بائیں جانب سے ترتیب کچھ اس طرح ہو گی: ینگ، بٹّی گیگ، وارن، بائیڈن، سینڈرز، کلوبوچر اور سٹیئر۔

XS
SM
MD
LG