رسائی کے لنکس

آزادی کپ: قومی ٹیم اور ورلڈ الیون آخری میچ کے لیے تیار


فائل
فائل

پاکستانی ٹیم کے کپتان کہتے ہیں کہ دوسرے میچ میں کی جانے والی غلطیاں اب نہیں دہرائیں گے۔

ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان 'آزادی کپ' کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹی20 میچ آج ہو گا۔ تین میچوں کی سیریز ایک - ایک سے برابر ہے۔

میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق جمعے کی شام سات بجے کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم کے پاس اب غلطی کی گنجائش نہیں۔ قومی ٹیم کو پہلے میچ میں فتح ہوئی تھی لیکن دوسرے میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جہاں ایک طرف سرفراز الیون تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے تیار ہے تو دوسری جانب ورلڈ الیون بھی سیریز ہاتھ سے جانے دینے کو تیار نہیں۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان کہتے ہیں کہ دوسرے میچ میں کی جانے والی غلطیاں اب نہیں دہرائیں گے۔

ورلڈ الیون کے کپتان بھی جیت کے لیے پر عزم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ بھرپور تیاری سے میدان میں اتریں گے۔

قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کی شام انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے پاکستان کے لیجنڈ کھلاڑیوں اور موجودہ ٹیم کے اعزاز ميں ایک تقريب سجائی۔

لاہور میں ہونے والی اس تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ريکارڈ ساز آل راؤنڈر شاہد آفريدي نہیں آئے جب کہ پاکستان کو ورلڈ ٹي ٹوئنٹي میں فتح دلانے والے کپتان يونس خان بھی شریک نہیں ہوئے۔

البتہ تقریب میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق اور کئی سابق سینئر کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ رینکنگ میں دنیا کی نمبر ون ٹیم بنانے پر مصباح الحق کو پی سی بی کی جانب سے ریٹائرمنٹ ایوارڈ اور ایک کروڑ روپے انعام دیا گیا۔

نوجوان کھلاڑیوں حسن علي اور شاداب خان کو 'ايمرجنگ پليئرز آف دي ايئر' کے ايوارڈ ملے جبکہ عماد وسيم کو 'ٹي ٹوئنٹي پليئر آف دي ايئر' قرار ديا گيا۔ ياسر شاہ ٹيسٹ پليئر آف دي ايئر کا ايوارڈ لے اڑے۔

XS
SM
MD
LG