رسائی کے لنکس

'پاکستان کے بغیر کرکٹ اور آئی سی سی کا تصور ادھورا ہے'


فائل
فائل

پریس کانفرنس میں ورلڈ الیون ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ وہ پاکستانی کنڈیشنز میں کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ڈائریکٹر جائلز کلارک نے کہا ہے کہ پاکستان کے بغیر عالمی کرکٹ اور خود آئی سی سی کا تصور ادھورا ہے۔

پیر کو لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جائلز کلارک نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے میدانوں سے ویرانیوں کےسائے چھٹ گئے ہیں اور ورلڈ الیون نے دیگر غیرملکی ٹیموں کی آمد کی راہ ہموار کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کوشش کرے گی کہ باقی ممالک کی ٹیمیں بھی پاکستان آ کر کھیلیں کیوں کہ ان کے بقول "پاکستان کے بغیر کرکٹ اور آئی سی سی کا تصور ادھوا ہے۔"

جائلز کلارک نے آزادی کپ کے لیے کیے جانے والے حفاظتی انتظامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان کی سکیورٹی اداروں پر مکمل اعتماد ہے۔

جائلز کلارک نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے حالات بہتر ہوگئے تو جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور آسٹریلیا سمیت تمام ٹیمیں یہاں آئیں گی۔

اس موقع پر پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا خواب پورا ہونے لگا ہے۔

نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ ورلڈ الیون کے بعد مزید ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی۔

پیر کو لاہور ہی میں ہونے والی ایک اور نیوز کانفرنس میں پاکستان کے دورے پر آنے والی ورلڈ الیون کے کوچ اور کپتان اپنی ٹیم کی کامیابی کے لیے پر امید نظر آئے۔

ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور نے کہا کہ ان کی ٹیم کا باؤلنگ اٹیک متوازن ہے اور ان کی ٹیم پاکستانی ٹیم کے ساتھ مقابلے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کے دورے کا مقصد صرف اور صرف پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہے۔

پریس کانفرنس میں ورلڈ الیون ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ وہ پاکستانی کنڈیشنز میں کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں۔

فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ پاکستان میں ان کا استقبال بہت عمدہ ہوا ہے اور انہیں امید ہے کہ گراونڈ میں میچ بہت اچھا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں جنوبی افریقہ کا بھی ہاتھ ہے۔ ان کے بقول پاکستان کے لوگ بہت زندہ دل ہیں اوریہاں کرکٹ کا مزہ آئے گا۔

اس موقع پر ورلڈ الیون کے کوچ اور کپتان نے اپنی ٹیم کی کٹ کی رونمائی بھی کی۔

ورلڈ الیون اور پاکستان کی قومی ٹیم کے درمیان تینوں میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ منگل اور دوسرا بدھ کو ہوگا جب کہ تیسرا اور آخری میچ جمعے کو کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG