رسائی کے لنکس

​پی ایس ایل کے آغاز سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دھچکا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپن آل راؤنڈر سنیل نارائن بنگلہ دیش پریمئر لیگ کے دوران انگلی کی انجری کے باعث پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی میچوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

تیس سالہ سنیل نارائن اپنی میڈیکل ٹیم سے مشورے کے بعد پی ایس ایل میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گے تاہم توقع کی جارہی ہے کہ وہ کچھ میچز کے بعد اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان کا کہنا ہے کہ امید ہے سنیل نارائن جتنا جلد ممکن ہوا ہمارے ساتھ ہوں گے کیونکہ وہ ایک میچ ونر کھلاڑی ہیں۔

معین خان کے بقول، "پی ایس ایل کے آغاز سے قبل یہ ہمارے لیے بڑا جھٹکا ہے۔ لیکن ہم اس صورتِ حال سے نمٹنے کی کوشش کریں گے۔ اسکواڈ میں بہت سے اور میچ ونرز ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ سنیل نارائن جلد ریکوری کے بعد ٹیم میں شامل ہوں۔"

اس دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سمر سیٹ کے لیگ اسپنر میکس والر کو طلب کرلیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ کا کہنا ہے کہ سنیل نارائن جیسے بڑے کھلاڑی کا کوئی متبادل تو نہیں ہوسکتا لیکن وہ پر اعتماد ہیں کہ والر ٹیم کے لیے سود مند ثابت ہوں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل 2019ء میں اپنی مہم کا آغاز 15 فروری سے گزشتہ سال کا فائنل کھیلنے والی پشاور زلمی کے خلاف میچ سے کرے گی۔

XS
SM
MD
LG