رسائی کے لنکس

پی ایس ایل فور کی ٹرافی کی تقریب رونمائی


پی سی ایل فور میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے کپتان ٹرافی کے ساتھ۔
پی سی ایل فور میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے کپتان ٹرافی کے ساتھ۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گی ہے۔ تمام ٹیموں کے کپتان دبئی پہنچ چکے ہیں۔ پی ایس ایل فور کی لله ٹرافی کی تقریب رونمائی متحدہ عرب امارات کے دبئی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ جس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی، مینیجنگ ڈائریکٹر پی سی بی وسیم خان اور تمام فرنچائز مالکان شریک ہوئے۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا اب تک کا سفر شاندار ہے۔ ایونٹ کی کامیابی میں فرنچائز اونرز، اسپانسرز اور تمام کھلاڑیوں کا کردار اہم ہے۔

“پی ایس ایل کا اب تک کا سفر شاندار ہے۔ پی ایس ایل ایک کامیاب برانڈ بن چکا ہے، جو نئے کھلاڑیوں کو ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جس میں ابھرتے ہوئے کھلاڑی اپنی صلاحیتیں دکھا سکتے ہیں”۔

تقریب میں کوئٹہ گلیڈی ائیٹر کے کپتان سرفراز احمد، پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، لاہور قلندرز کے محمدحفیظ ، کراچی کنگز کے عماد وسیم، ملتان سلطانز کے شعیب ملک اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے ٹرافی کے ساتھ تصویریں بنوائیں۔

تقریب رونمائی میں ملتان سلطان کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ ان کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ کوئی سا بھی میچ کھیلا جائے اُس میں بہتر کھیل پیش کیا جائے۔ شعیب ملک نے کہا کہ اِس سال بھی اُن کی یہی کوشش ہے کہ اچھے سے اچھا کھیل پیش کیا جائے۔

“جو کھلاڑی اچھا کھیل پیش کر رہے ہوتے ہیں اُن پر زیادہ انحصار کیا جاتا ہے اور ایسے کھلاڑی پہلے مرحلے کے کھیل میں توجہ کا مرکز ہوتے ہیں۔ پی ایس ایل میں مستقل مزاجی سے اچھا کھیلنا سب سے اہم ہوتا ہے اور اِس مرتبہ ان کی ٹیم کی یہی کوشش ہو گی کہ کھیل میں ٹھہراؤ لایا جائے”۔

تقریب میں لاہور قلندر کے کپتان محمد حفیظ مزاح کرتے نظر آئے اور بولے کہ جس طرح سے ٹرافی کے ساتھ تصویر بنوانے کے لیے بلایا گیا ہے لگتا ہے کہ اُن کی ٹیم سب سے آخر میں ہی آئے گی۔ محمد حفیظ نے کہا کہ اُن کی ٹیم کے اوپر ایک ایسا ٹیگ لگ گیا ہے جسے وہ اِس پی ایس ایل میں اُتارنے کی بھرپورکوشش کریں گے۔

“پی ایس ایل کے میچوں میں دباؤ ہوتا ہے لیکن اِس بار اُن کی ٹیم نے غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ اُن کی ٹیم پر ایک ایسا ٹیگ لگا ہوا ہے جسے ہٹانے کی پوری کوشش کریں گے۔ سلیکٹرز نے بہت اچھی ٹیم کا انتخاب کیا ہے اور پر کھلاڑی بہتر کھیل پیش کرنے کے لیے تیار ہے”۔

کوئٹہ گلیڈی ائیٹر کے کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں کہ یہ ایک ایسی لیگ ہے جس میں تمام ٹیموں کی کوشش ہوتی ہے کہ بہترین کھیل پیش کیا جائے اور ٹرافی اپنے نام کی جائے۔

“چھ ٹیمیں پی ایس ایل کھیل رہی ہیں اور سب ٹیمیں ٹرافی جیتنے کے لیے کھیل رہی ہیں”۔

پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب رواں ماه 14 فروری کو دبئی میں ہو گی۔ جس کے بعد افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور دفاعی چیمئین اسلام آباد یونائیٹیڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG