رسائی کے لنکس

بھارت : ٹیوشن سینٹر میں آتش زدگی سے 17 طالب علم ہلاک


فائر بریگیڈ کی گاڑیاں چار منزلہ عمارت میں بھڑکنے والی آگ بچھانے کی کوشش کررہی ہے۔ ٹیوشن سینٹر اس عمارت میں قائم تھا۔ 24 مئی 2019
فائر بریگیڈ کی گاڑیاں چار منزلہ عمارت میں بھڑکنے والی آگ بچھانے کی کوشش کررہی ہے۔ ٹیوشن سینٹر اس عمارت میں قائم تھا۔ 24 مئی 2019

بھارت کی ریاست گجرات کے ایک تاریخی اور ٹیکسٹائل میں شہرت رکھنے والے شہر سورت میں ٹیوشن کے ایک مرکز میں آگ بھڑک اٹھنے سے کم از کم 17 نوعمر طالب علم ہلاک ہو گئے۔

خبررساں ادارے اے پی نے پولیس عہدے دار پروین چوہدری کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس واقعہ میں ایک درجن سے زیادہ طالب علم زخمی بھی ہوئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ایک چار منزلہ عمارت میں قائم ٹیوشن سینٹر میں آگ اس وقت لگی جب طالب علم اپنی کلاس میں پڑھ رہے تھے جس سے وہاں موجود تمام طالب علم شعلوں کی لپیٹ میں آ گئے۔

فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک عہدے دار ست کیل نے بتایا کہ 24 فائر انجنوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ آتش زدگی کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔

بھارتی خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک کاروباری مرکز میں واقع اس چار منزلہ عمارت کی تیسری اور چوتھی منزلیں آگ کی لپیٹ میں آئیں۔

مقامی ٹیلی وژن چینل کی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ گہرے دھوئیں سے گھری ہوئی عمارت کی کھڑکیوں سے طالب علم اپنی جان بچانے کے لیے نیچے کود رہے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے آتش زدگی کے اس واقعہ پر گہرے رنج اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔

بھارت میں آتش زدگی کے واقعات کی عمومی وجہ عمارتوں میں حفاظتی میعاروں کی پروا نہ کرنا ہوتی ہے۔

XS
SM
MD
LG