رسائی کے لنکس

جمیکا ٹیسٹ پاکستان کے نام، سیریز میں ایک۔صفر کی برتری


پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے صرف 32 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ شاندار بولنگ پر یاسر شاہ کو ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔ ادھر، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ برج ٹاؤن میں 30 اپریل سے کھیلا جائے گا

پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کی جادوگری کے باعث پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کر لی۔
پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے صرف 32 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ شاندار بولنگ پر یاسر شاہ کو ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔
سبینا پارک، کنگسٹن جمیکا میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے پانچویں روز ویسٹ انڈیز نے 94 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ گذشتہ روز کی طرح آج بھی میزبان ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور جلد ہی وشال سنگھ کو صرف 9رنز پر محمد عامر نے کلین بولڈ کر دیا، جب مجموعی اسکور129پر پہنچا تو بشو 18رنز اور ڈوروچ بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔
ویسٹ انڈیز کی آخری تین وکٹیں اسکور میں صرف تین رنز کے اضافے پر گریں، کپتان جیسن ہولڈر 14،جوزف ایک اور گیبریل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
اس طرح ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 152رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 32رنز کاآسان ہدف ملا۔
پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ لیگ اسپن کا جادو جگاتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے 6بیٹسمینوں کا شکار کیا، یاسر شاہ ٹیسٹ کی کسی بھی اننگز میں نویں بار 5 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
محمد عباس نے 2جبکہ محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز ڈرامائی انداز میں ہوا اور صرف 7رنزپر اوپننگ جوڑی پویلین لوٹ گئی، اظہر علی ایک اور احمد شہزاد 6 رنز بنا سکے۔ یونس خان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرسکے اورصرف 6رنز بنا کر بشو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

کپتان مصباح الحق نے لگاتار دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر ٹیم کا بیڑہ پار لگایا اور 7وکٹوں سے فتح دلادی اور پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔
آخری اسکور یہ رہا۔ ویسٹ انڈیز 286اور 152رنز۔ پاکستان 407اور 36رنز 3 کھلاڑی آؤٹ۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک پچاس ٹیسٹ میچز کھیلے جاچکے ہیں، پاکستان نے 19 میں کامیابی حاصل کی اور 16میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ 15 میچز نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے۔
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ برج ٹاؤن میں 30اپریل سے کھیلا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG