رسائی کے لنکس

کراچی: فائرنگ کے دو واقعات میں ٹی وی اینکر سمیت پانچ افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ایک ٹیلی ویژن چینل کے نیوز اینکر سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔

فائرنگ کا ایک واقعہ شام ساڑھے سات بجے کے قریب ڈیفنس خیابان بخاری کمرشل میں پیش آیا جس میں ’بول‘ ٹیلی ویژن کے نیوز اینکر مرید عباس اور خضرحیات ہلاک ہو گئے۔

خیابان بخاری میں ہونے والے قتل کی اس کارروائی کو کاروباری رنجش کا نتیجہ بتایا جا رہا ہے۔

ایس ایس پی ساوتھ شیراز نذیر کا کہنا ہے کہ مرید عباس اور عاطف کاروباری پارٹنر تھے جن کے درمیان لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا۔

مرید عباس نے ایک ہفتہ قبل پولیس کو ایک درخواست دی تھی، جس میں تحفظ فراہم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ انہیں اپنے کاروباری پارٹنر سے جان کا خطرہ لاحق ہے۔

پولیس کے مطابق، عاطف زمان نے خضر حیات اور مرید عباس کو دفتر میں بلانے کے بعد گولیاں مار کر ہلاک کیا۔

مقتول خضر حیات نے فائرنگ کے وقت جان بچا کر بھاگنے کی کوشش کی۔ لیکن انھیں بھی گولی مار دی گئی۔

اینکر پرسن مرید عباس کے دوست ثاقب نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ مرید عباس کے پارٹنر عاطف نے انہیں دفتر بلا کر گولی ماری۔ مقتول مرید عباس کی اہلیہ زارا عباس نے بھی یہی کہا ہے۔

مقتول مرید عباس کی اہلیہ زارا عباس نے بتایا کہ ہم نے عاطف زمان کے ٹائر کے بزنس میں پچاس لاکھ کی سرمایہ کاری کی تھی جو وہ واپس نہیں کر رہا تھا۔ آج شام اٹھ بجے اس نے رقم لینےکے لیے بلایا اور مبینہ طور پر ان کے شوہر اور ان کے دوست کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔

پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مختلف سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔

پاکستان کی بری فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے اپنے ایک بیان میں بول ٹی وی کے نوجوان اینکر مرید عباس کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر کے مطابق دو افراد کو قتل کرنے کے بعد ملزم عاطف زمان نے اپنے فلیٹ میں خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی۔

فائرنگ کا ایک اور واقعہ پہلوان گوٹھ میں پیش آیا جس میں تین افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔ پولیس نے فائرنگ کے ان واقعات کے بعد ملزمان کی تلاش کا کام شروع کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق، فائرنگ کا پہلا واقعہ گلستان جوہر کے قریب پیش آیا جہاں ہوٹل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک، جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں عزیز وہاب اور نازک علی ہلاک ہوئے جب کہ برکت علی زخمی ہوئے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ’’ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ ٹارگٹڈ کارروائی ظاہر ہوتی ہے‘‘، جس میں ہوٹل میں بیٹھے ہوئے افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

XS
SM
MD
LG