رسائی کے لنکس

موسمی طوفان ایسایس فلوریڈا کے قریب پہنچ گیا


ہری کین ایسایس کے زیر اثر سینٹو ڈومینگو میں بارش کا ایک منظر۔ 30 جولائی 2020
ہری کین ایسایس کے زیر اثر سینٹو ڈومینگو میں بارش کا ایک منظر۔ 30 جولائی 2020

سمندری طوفان ایسایس فلوریڈا کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس کی ہواؤں کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

ہفتے کے روز بہامس سے نکلنے کے بعد ایسایس کی شدت کم ہو گئی ہے اور اب طوفانوں کی درجہ بندی میں ہری کین سے گھٹ کر موسمی طوفان کی سطح پر آ گیا ہے۔

فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سینٹس نے ہفتے کے روز انتباہ کیا تھا کہ ایسایس کا درجہ کم ہونے سے بے وقوف نہ بنیں۔

فلوریڈا کے گورنر نے بحرہ اوقیانوس کی ساحل پر واقع تقریباً ایک درجن اضلاع میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔

گورنر سینٹس نے کہا ہے کہ سب سے اہم چیز جو ہم چاہتے ہیں وہ یہ ہے کہ لوگ طوفان کے بارے میں چوکنا رہیں۔

سمندری طوفان ایسایس ایک ایسے موقع پر فلوریڈا کے مشرقی ساحلی علاقوں میں تباہی پھیلانے کے لیے بڑھ رہا ہے جب یہ امریکی ریاست بے قابو کرونا وائرس پر کنٹرول کی جنگ لڑ رہی ہے۔

میامی ڈیڈ کاؤنٹی کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ اس طوفان سے نمٹنے کے لیے عارضی پناہ گاہوں پر مشتمل مراکز کھولنے کی ضرورت نہیں پڑے گی تاہم اگر صورت حال میں کوئی تبدیلی آتی ہے تو اس کے لیے 20 مراکز تیار رہیں گے۔

فلوریڈا ان ریاستوں میں شامل ہے جو کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔ فلوریڈا میں اب تک 4 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ افراد عالمی وبا سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ ہفتے کے روز تک اموات کی تعداد 7 ہزار سے بڑھ چکی تھی۔

ہری کین کی آمد کے پیش نظر فلوریڈا کے حکام کو فوری طور پر کئی علاقوں میں کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے مراکز بند کرنے پڑے ہیں۔

ادھر بہامس میں عہدے داروں نے لوگوں سے مشرق میں واقع اباکو کا علاقہ خالی کروا لیا ہے جہاں لوگ ہری کین ڈوریئن کے بعد سے عاضی پناہ گاہوں میں رہ رہے تھے۔

اس سے قبل ایسایس پورٹوریکو اور ڈومینیئن ری پبلک میں کافی نقصان کر چکا ہے۔ وہاں کئی علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی اور لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG