رسائی کے لنکس

logo-print

طاقت ور سمندری طوفان ڈورین سے فلوریڈا کو خطرہ


سیٹلائٹ سے لی گئی سمندری طوفان ڈورین کی ایک تصویر۔ 29 اگست 2019

دو روز پہلے امریکہ کے جزائر ورجن آئس لینڈز سے ٹکرانے والے سمندری طوفان ڈورین کے متعلق یہ پیش گوئی کی گئی ہے کہ جب وہ پیر کی رات ریاست فلوریڈا کے مشرقی ساحل سے ٹکرائے گا تو اس کی قوت کیٹگری فور تک پہنچ جائے گی۔

طوفان کے خطرے کے پیش نظر صدر ٹرمپ نے اپنا پولینڈ کا دورہ منسوخ کر دیا ہے، جہاں وہ دوسری جنگ عظیم کے آغاز کی 80 سالہ تقریب میں شرکت کے لیے جانے والے تھے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں نے یہ یقینی بنانے کے لیے کہ وفاقی حکومت کے تمام وسائل ہری کین کی آمد پر مرکوز رہیں، اپنی جگہ نائب صدر مائیک پینس کو اختتام ہفتہ پولینڈ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میرے نزدیک میرا یہاں رہنا زیادہ ضروری ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ سمندری طوفان بہت ہی بڑا ہو گا۔ اس لیے اب مائیک پولینڈ جائیں گے۔

صدر نے کہا ہے کہ انہوں نے پولینڈ کے صدر آئنڈری ڈوڈا کو ٹیلی فون کر کے یہ وضاحت کی ہے کہ ان کی سب سے اہم ترجيج ہری کین کے راستے میں آنے والے لوگوں کا تحفظ اور سلامتی ہے۔ اور میں مستقبل قریب میں اپنا پولینڈ کا دورہ دوبارہ طے کروں گا۔

ورجن آئی لینڈز میں سمندری طوفان ڈورین نے زندگی کا نظام درہم برہم کر دیا ہے۔ 29 اگست 2019
ورجن آئی لینڈز میں سمندری طوفان ڈورین نے زندگی کا نظام درہم برہم کر دیا ہے۔ 29 اگست 2019

نیشنل ہری کین سینٹر نے جمعے کے روز کہا ہے کہ توقع ہے کہ آج دن ڈھلے ہری کین ڈورین کی قوت میں اضافے ہونے سے وہ ایک بڑے طوفان کی شکل اختیار کر لے گا۔

سینٹر نے کہا ہے کہ امکان یہ ہے کہ ڈورین شمال مغرب میں واقع بہاماز کے نزدیک اور اختتام ہفتہ جزیرہ نما فلوریڈا سے گزرتے ہوئے بدستور ایک خطرناک سمندری طوفان رہے گا۔

بہاماز کی حکومت نے شمال مغربی حصے کے لیے سمندری طوفان پر نظر رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں، جب کہ فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سینٹس نے پوری ریاست کے لیے ایمرجینسی کی صورت حال کا اعلان کیا ہے۔

ہری کین سینٹر نے کہا ہے کہ ڈورین کے نتیجے میں ہونے والی بارشیں اور سیلابی ریلے زندگیوں کے لیے خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔

سمندری طوفان ڈورین میں ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ سے رفتار 165 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔

فلوریڈا کے ساحلی شہر کسیمی کے ایک گراسری اسٹور کے شیلف خالی پڑے ہیں۔ لوگوں نے طوفان کے خطرے کے پیش نظر خوراک کا ذخیرہ کر لیا ہے۔ 29 اگست 2019
فلوریڈا کے ساحلی شہر کسیمی کے ایک گراسری اسٹور کے شیلف خالی پڑے ہیں۔ لوگوں نے طوفان کے خطرے کے پیش نظر خوراک کا ذخیرہ کر لیا ہے۔ 29 اگست 2019

توقع کی جا رہی ہے کہ ڈورین پیر کی صبح جب فلوریڈا سے ٹکرائے گا تو اس کی کیٹیگری بڑھ کر چار ہو چکی ہو گی اور اس میں شامل ہواؤں کی رفتار کم ازکم 209 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو گی۔

کیٹیگری فور کے طوفانوں کے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ تباہ کن ہوتے ہیں۔ وہ گھروں اور عمارتوں کو تباہ کر سکتے ہیں، سڑکیں توڑ پھوڑ سکتے ہیں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو اکھاڑ سکتے ہیں۔

پیر یکم ستمبر کو امریکہ میں لیبر ڈے کی تعطيل ہوتی ہے لیکن اگر سمندری طوفان ڈورین اسی راستے پر آگے بڑھاتا رہا جس کا اندازہ لگایا گیا ہے تو ریاست فلوریڈا میں لیبر ڈے کی تعطيل نہیں ہو گی۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG