رسائی کے لنکس

نامور سابق فٹ بالر میرا ڈونا چل بسے


میراڈونا اپنے کلب کی جرسی اٹھائے ہوئے ہیں جس پر ان کا نام درج ہے۔ فائل فوٹو
میراڈونا اپنے کلب کی جرسی اٹھائے ہوئے ہیں جس پر ان کا نام درج ہے۔ فائل فوٹو

ارجنٹینا کے فٹ بال کے مایہ ناز کھلاڑی ڈی ایگو میرا ڈونا انتقال کر گئے ہیں۔ اُن کی عمر 60 برس تھی۔

فٹ بال کی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک، میرا ڈونا کا نام سن 1986 میں اپنے وطن کے لیے ورلڈ کپ جیتنے کے باعث ہر زبان پر تھا۔

ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ کے خلاف ایک یادگار میچ میں انہوں نے مثالی گول کیا تھا، جسے بعد میں انہوں نے 'ہینڈ آف گاڈ' قرار دیا تھا۔

چھوٹے قد کے اس فارورڈر کھلاڑی نے برطانیہ کے مایہ ناز گول کیپر پیٹر شلٹن کو ڈاج دے کر اپنے ہاتھ سے گول کر دیا تھا۔

یہ بنیادی طور پر تو فاؤل تھا جسے ہینڈ بال کہا جاتا ہے، لیکن چوں کہ ریفری نے فاؤل ہوتے نہیں دیکھا تھا اس لیے اسے درست انداز سے کیا گیا گول مان لیا گیا۔

اس کے بعد انہوں نے فٹ بال کی تاریخ کا بہترین گول کیا تھا جو انہوں نے سات برطانوی کھلاڑیوں کو ڈاج کر کے کیا تھا۔

ارجنٹائن کے صدر ایلبرٹو فرنینڈز نے میرا ڈونا کی وفات پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے اور اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ آپ ہمیں دنیا کی بلندی پر لے گئے۔ آپ نے ہمیں بہت زیادہ خوشی دی، آپ سب سے عظیم تھے۔ ہمارے درمیان رہنے کے لیے آپ کا شکریہ۔

میرا ڈونا نے یورپ کے چوٹی کے کلبوں کی طرف سے بھی فٹ بال کھیلا۔ پہلے بارسلونا کلب اور پھر نیپولی کلب کی جانب سے۔

میرا ڈونا نے جن کلبوں کے لیے کھیلا، ان کے موجودہ اور سابق کھلاڑیوں نے اُنہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

فٹ بال کی دنیا کے ایک اور مایہ ناز کھلاڑی بسپر پیلے نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ میں ایک عظیم دوست سے، اور دنیا ایک لیجنڈ سے محروم ہو گئی۔

عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے عصر حاضر کے عظیم کھلاڑی لیونل میسی نے بھی میرا ڈونا کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ امر رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG