رسائی کے لنکس

امریکہ: کینساس میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک


رپورٹس کے مطابق مسلح شخص نے بار میں فائرنگ کرکے لوگوں کو نشانہ بنایا — فائل ٖفوٹو
رپورٹس کے مطابق مسلح شخص نے بار میں فائرنگ کرکے لوگوں کو نشانہ بنایا — فائل ٖفوٹو

امریکی ریاست کینساس کے ایک شراب خانے میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔

کینساس سٹی پولیس ڈپارٹمنٹ کے مطابق واقعہ اتوار کو علی الصباح پیش آیا۔ واقعے میں ملوث شخص کو تاحال حراست میں نہیں لیا گیا ہے۔

امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق فائرنگ اندھا دھند انداز میں کی گئی جس سے 9 افراد کو گولیاں لگیں جن میں سے چار افراد ہلاک اور 5 ہوگئے۔

پولیس ترجمان تھامس ٹوماسک کا کہنا ہے کہ انہیں واقعے کی اطلاع فون کے ذریعے ملی جس کے بعد پولیس اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ لیکن اسی دوران 4 افراد کی موت ہوگئی جبکہ واقعے کے 5 زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں پہنچا دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ڈاکٹرز نے زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے۔

ادھر ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں ملزم کے بارے میں ابھی تک مطلوبہ معلومات نہیں مل سکی ہیں تاہم ملزم کی تلاش جاری ہے۔

اس سے قبل 20 ستمبر کو بھی فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے تھے۔ یہ واقعہ دارالحکومت واشنگٹن میں پیش آیا تھا جس میں ملزم فرار ہوگیا تھا۔ 'رائٹرز' کے مطابق، فائرنگ کا واقعہ امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس سے تین کلو میٹر کی دوری پر پیش آچکا ہے۔

اس سے قبل مختلف بار، ہوٹل، اسکول اور نائٹ کلبس میں بھی فائرنگ کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ لاس ویگاس کے ایک بار میں فائرنگ سے کئی درجن افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اسی طرح رواں سال اپریل میں ریاست ٹینے سی کے ایک ریستوران میں فائرنگ کرکے چار افراد کو ہلاک اور تین کو زخمی کردیا گیا تھا۔

امریکہ میں عوامی مقامات پر فائرنگ کی فہرست خاصی طویل ہے، واقعات کے تواتر سے پیش آنے کے بعد ملک بھر میں گن کنٹرول قوانین کے نفاذ پر کام جاری ہے۔ اس قانون پر عمل درآمد کے ساتھ ہی ایسے واقعات پر کنٹرول حاصل کرنے کی توقعات کی جارہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG