رسائی کے لنکس

عید پر باکس آفس سجے گا چار پاکستانی فلموں سے


بالی وڈ فلموں پر پابندی کے بعد پاکستانی سینما گھروں میں اس سال عید کے پہلے ہفتے میں صرف پاکستانی فلموں کا ہی راج ہوگا اور بڑی اسٹارکاسٹ سے سجی چار فلمیں باکس آفس پر قسمت آزمانے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔

عید میں بس اب ایک دو دن ہی باقی ہیں اور عید کی چھٹیوں کے دوران جو پاکستانی فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں گی ان میں ’سات دن محبت ان‘، ’وجود‘، ’نہ بینڈ نہ باراتی‘ اور ’آزادی‘ شامل ہیں۔

چاروں فلمیں اپنے موضوع اور انداز میں مختلف ہیں جس میں رومنس بھی ہے، کامیڈی بھی اور ایکشن کا تڑکا بھی۔

سات دن محبت ان

ماہرہ خان اور شہریار دوسری بار ایک ساتھ بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہونے والے ہیں۔ فلم ’سات دن محبت ان‘ میں دونوں کی جوڑی اس سے پہلے فلم ’ہومن جہاں‘ میں شائقین سے داد پا چکی ہے۔

رومینٹک کامیڈی ’سات دن محبت ان‘ کی کہانی اپنی کزن کی محبت میں مبتلا ایک نوجوان کی ہے جو اپنی محبت کو پانے کے لئے کئی جتن کرتا ہے۔ ’سات دن محبت ان‘ کی دیگر کاسٹ میں جاوید شیخ، آمنہ الیاس اور میرا سیٹھی شامل ہیں۔ فلم کی کہانی فصیح باری خان نے لکھی ہے۔

آزادی

آزادی کے لئے جدوجہد کی کہانی پر مبنی فلم ’آزادی‘ بھی عید پر ریلیز ہورہی ہے۔ فلم میں معمر رانا، سونیا حسین اور سینئر اداکار ندیم نے اہم کردار ادا کئے ہیں۔ ایکشن اور جذبات سے بھرپور فلم ’آزادی‘ کی کامیابی کے لئے سب ہی پرامید ہیں۔

نہ بینڈ نہ باراتی

فلم’ نہ بینڈ نہ باراتی‘ کی کہانی دو ایسے بھائیوں کے گرد گھومتی ہے جو ہمیشہ کسی نہ کسی مشکل میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ فلم کے ہدایت کار محمود اختر ہیں اور کاسٹ میکال ذوالفقار، علی کاظمی، قوی خان، شایان خان، محمود اختر پر مشتمل ہے۔ نایاب خان پاکستانی نژاد کینیڈین اداکارہ ہیں اور ’نہ بینڈ نہ باراتی‘ ان کی پہلی پاکستانی فلم ہے۔

وجود

وجود‘ کے ساتھ ویٹرن اداکار اور فلم میکر جاوید شیخ کی بطور ہدایت کار فلموں میں واپسی ہو رہی ہے۔ فلم ترکی کی شاندار لوکیشنز پر شوٹ کی گئی ہے۔ ٹی وی سے شہرت پانے والے دانش تیمور فلم کے ہیرو ہیں جبکہ بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ بھی وجود میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

جاوید شیخ اپنی فلم کی کامیابی کے بارے میں بہت پرامید ہیں اور زوروشورسے فلم کی پروموشن میں مصروف بھی ہیں۔

عید کے ایک ہفتے بعد بالی وڈ فلمیں بھی پاکستانی سینما گھروں میں ریلیز ہوسکیں گی اور پھرپاکستانی فلموں اور بالی وڈ کی فلموں کے درمیان کڑے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے

XS
SM
MD
LG