رسائی کے لنکس

بھارت نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 36 رنز سے ہرا دیا


بھارت نے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے 14 ویں میچ میں آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دے دی۔ آسٹریلیا بھارت کی طرف سے ملنے والا 353 رنز کا ہدف مقررہ 50 اوورز میں حاصل نہیں کر سکا اور اس کی ٹیم تمام کوششوں کے باوجود 316 رنز ہی بنا سکی۔

بھارت کے جیتنے میں اس کی طرف سے بنایا جانے والا بڑا ہدف اور آسٹریلیا کے مڈل آرڈر بیٹسمین کا پے در پے آؤٹ ہونا ہار کا بنیادی سبب بنا۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو سست روی کے ساتھ اپنی اننگز کا آغاز کرنا پڑا۔ ڈیوڈ وارنر اور آرون فنچ نے بیٹنگ اینڈ سنبھالا اور تیزی سے 60 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئے۔

مگر 61 رنز پر فنچ اچانک رن آؤٹ ہو گئے۔ ان کا اسکور 36 رنز تھا ۔ ان کی جگہ اسمتھ کھیلنے آئے جنہوں نے ڈیوڈ ورانر کے ساتھ مل کر اسکور کو 133 رنز تک پہنچایا ۔

وارنر کا اسکور 56 رنز تھا کہ انہیں رویندر چہل نے اپنی بال پر بھونیشور کمار کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ یوں آسٹریلیا کو اپنی دوسری وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔

وارنر کے بعد اسمتھ کے نئے ساتھی عثمان خواجہ بنے۔ دونوں نے ملکر اسکور کو 202 رنز تک پہنچا دیا جو آسٹریلیا کی اس اننگز کے لئے بہت سود مند ثابت ہوا ۔

آسٹریلیا کو 238 رنز پر ایک کے بعد ایک دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ پہلے اس اسکور پر 69 رنز بنا کر اسمتھ آؤٹ ہوئے اور پھر بغیر کوئی رن بنائے اسٹونیس کو پویلین لوٹنا پڑا۔

اسکور ابھی 244 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ 28 رنز پر میکسویل، چہل کی بال پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ ساتویں وکٹ کے روپ میں کیرے اور ناتھ کولٹر۔نائل نے بیٹنگ کی ذمے داری سنبھالی۔ کیرے نے تیزی سے رنز بنائے جس سے بھارتی ٹیم کے حملوں کو روکنے میں مدد ملی۔

لیکن ناتھ کولٹر۔نائل ان کا ساتھ نہ دے سکے اور صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ان کی وکٹ بھومرا نے لی۔ یوں اب تک آسٹریلیا کے سات کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے جس کے بعد کومنس میدان میں اترے۔

آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کومنس ہی تھے جنہوں نے 8 ہی رنز اسکور کئے۔ انیہں بھومرا نے آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی نویں وکٹ 49 ویں اوور میں گری جب اسٹارک صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی جگہ زمپا نے لی۔ لیکن وہ بھی میچ کی آخری بال پر صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

بھارت 352 رنز بنانے میں کامیاب

اس سے قبل میچ کے آغاز پر بھارت کے کپتان ویراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ان کے پانچ کھلاڑی مقررہ 50 اوورز میں 352 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لئے 300 بالوں پر 353 رنز کا ہدف حاصل کرنا تھا۔ بھارت کی طرف سے بڑا اسکور ملنے کی وجہ جہاں اس کی مضبوط بیٹنگ لائن رہی وہیں آسٹریلیا کی نسبتاً خراب فیلڈنگ بھی تھی۔

روہت شرما نے 57، شیکھر دھون نے 117، ہاردک پانڈیا نے 48، دھونی نے 27 اور ویراٹ کوہلی نے 82 رنز بنائے جو ایک بڑے اور مشکل ہدف بنانے میں مددگار ثابت ہوئے۔

بھارتی اننگز کا آغاز روہت شرما اور شیکھر دھون نے کیا جبکہ پہلا اوور کومنس نے کرایا۔

دونوں اوپنر نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور پہلے 12 اوورز میں ہی 50 کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

18 ویں اوور میں شیکھر دھون نے نصف سنچری مکمل کی جبکہ روہت شرما بھی نصف سنچری سے کچھ رنز ہی پیچھے تھے۔

انیس اوورز کا کھیل ختم ہوا تو بھارتی ٹیم کا اسکور 100 رنز ہو گیا۔ اس دوران روہت شرما نے بھی نصف سنچری اسکور کر لی تھی۔

اسکور 127 رنز ہوا تو روہت شرما، ناتھ کولٹر۔نائل کی بال پر 57 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی جگہ کپتان ویراٹ کوہلی بیٹنگ کرنے کریز پر پہنچے۔ دوسری جانب شیکھر اب تک 70 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

33 ویں اوور میں شیکھر دھون نے سنچری مکمل کی تو ویراٹ کوہلی 28 رنز پر کھیل رہے تھے۔ دھون نے 96 بالوں پر 100 رنز بنائے جس میں 13 چوکے بھی شامل تھے۔

بھارت کے 200 رنز مکمل ہونے تک صرف ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔ تاہم بیس رنز بعد ہی جبکہ اسکور 220 رنز تھا شیکھر دھون 117 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کی وکٹ اسٹارک نے لی جبکہ اگلے بیٹسمین ہاردک پانڈیا تھے۔

ہاردک پانڈیا زیادہ تر آخری نمبروں پر بیٹنگ کرنے آتے رہے ہیں لیکن جب سے انہوں نے ہٹنگ کرنا شروع کی ہے تب سے ان کی پوزیشن میں تبدیلی آ گئی ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف انہیں سیکنڈ ڈاؤن بھیجنے کا مقصد تیز رفتاری سے اسکور کو مزید آگے بڑھانا ہی ہو سکتا ہے۔

اسکور 238 رنز ہوا تو ویراٹ کوہلی بھی نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہو گئے جبکہ ہاردک پانڈیا ابھی تک 14 رنز بنا چکے تھے۔

پانڈیا نے اپنے پہلے آنے کا مقصد تیز رنز بنا کر کیا مگر اسی تیز رفتاری کے سبب وہ 48 رنز بنا کر کومنس کی بال پر آؤٹ ہو گئے۔ ان کی جگہ ایم ایس دھونی کھیلنے آئے۔

دھونی نے مجموعی اسکور میں 27 رنز کا اضافہ کیا لیکن اسی دوران اسٹونیس ان کی وکٹ لے اڑے جبکہ اسٹونیس نے ہی ویراٹ کوہلی کو 82 رنز پر اپنا شکار بنایا۔

کے ایل راہول 11 رنز بنا سکے جبکہ کیدر جادیو کو صرف ایک بال کے لئے میدان میں آنا پڑا۔ وہ کوئی رنز نہیں بنا سکے اور کے ایل راہول کی طرح ہی ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارتی ٹیم:
روہت شرما،شیکھر دھون، ویرات کوہلی، کے ایل راہول، ایم ایس دھونی، کیدر جادیو، ہاردک پانڈیا، بھونیشور کمار، کلدیپ یادیو، جیسپربھمرا، ویندر چہل۔

آسٹریلوی ٹیم :
آرون فنچ، عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، گلین میکسویل، مارکس اسٹونس، ایلکس کیرے، پیٹ کومنس، ناتھ کولٹر۔نائل، مچل اسٹارک اور ایڈم زامپا۔​

XS
SM
MD
LG