رسائی کے لنکس

فلموں کے عجیب و غریب نام رکھنے کا فیشن


عام پبلک سے زیادہ سے زیادہ رابطہ بڑھانے کے لئے ایسے ناموں کا انتخاب کیا جا رہا ہے اور یہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بالی وڈ میں نت نئے تجربوں کے لئے فضا سازگار ہے

بالی وڈ میں جو فیشن آج کل بہت زور پکڑ رہا ہے ۔۔وہ ہے عام ڈگر سے ہٹ کر ’عوامی ‘محاوروں یا بول چال سے لئے گئے الفاظ سے فلموں کا نام ترتیب دینا۔

شاید بہت کم لوگ ایسے ہوں جنھوں نے نظم ’مچھلی جل کی رانی ہے‘ یا پھرایک نعرے کی صورت میں ’دم لگا کہ ہیا‘ کے الفاظ نہ سنے ہوں۔ اب آپ جلد ان ناموں سے بننے والی فلمیں دیکھ سکیں گے۔

عام پبلک سے زیادہ سے زیادہ رابطہ بڑھانے کے لئے ایسے ناموں کا انتخاب کیا جارہا ہے اور یہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بالی وڈ میں نت نئے تجربوں کے لئے فضا سازگار ہے۔

سال 2014کے ابتدائی مہینوں میں دیسی یا مزاحیہ ناموں والی فلمیں مثلاً ’پراٹھے والی گلی‘، ’ببلوہیپی ہے‘، ’ہنسی تو پھنسی‘، ’ٹوٹل سیاپا‘، ’او تیری‘ اور’لکی کبوتر‘ وغیرہ آ چکی ہیں، جبکہ آنے والے چھ مہینوں میں بھی فلم بین ’ذرا ہٹ‘ کے ناموں والی فلموں کا لطف اٹھا پائیں گے۔

ان فلموں میں ’فگلی‘، ’ہمٹی شرما کی دلہنیا‘، ’کوکوماتھر کی تو جھنڈ ہوگئی‘ ،’گڈو رنگیلا‘، ’مچھلی جل کی رانی ہے‘، ’امیت ساہنی کی لسٹ‘ اور ’دم لگا کے ہیا‘۔

ممبئی میں رہنے والے فلموں کے تاریخ داں ایس ایم ایم او سجا کا کہنا ہے کہ مزاحیہ یا عام روٹین سے ہٹ کر رکھے گئے فلمی نام توجہ ضرور حاصل کرتے ہیں۔ لیکن، فلم کو باکس آفس پر کامیاب بنانے کے لئے اسٹار کاسٹ اور اچھی کہانی کا ہونا لازمی ہے۔

خبر رساں ایجنسی، آئی اے این ایس سے بات چیت میں انہوں نے اپنے دور کی سپر ہٹ فلم ’ستے پہ ستہ‘ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک تو فلم کا نام عام طور پر رکھے جانے والے ناموں سے الگ تھا اور پھر فلم کی کاسٹ اور کہانی اس طرح ڈھالی گئی تھی کہ فلم نے کلاسک کا درجہ حاصل کرلیا۔ حالانکہ، ’ستے پہ ستہ‘ ہالی وڈ فلم ’سیون برائیڈز فور سیون برادرز‘ سے متاثر ہو کر بنائی گئی تھی۔

اس کے برعکس، آنے والی فلموں جن کے نام ہٹ کر ہیں، ان میں ایک آدھ فلم سے ہی کوئی بڑا نام جڑا دکھائی دیتا ہے۔ ’کوکوماتھر کی توجھنڈہوگئی‘ کی بات کریں تو ایکتا کپور اور بیجوئے نمبیار ہی دو مشہور اور معروف نام ہیں۔ اس فلم کے ڈائریکٹر اور کاسٹ بھی نئی ہے۔

فلم کے ڈائریکٹر امن سچدیو کا یہ کہنا ہے کہ کو کو ماتھر ایکتا کپور کی پروڈیوس کی گئی فلموں میں سے سب سے زیادہ ’سستی‘ یعنی کم بجٹ کی فلم ہے۔ فلم کا نام فائنل ہونے کے بعد دلی کے مختلف کالجز کے اسٹوڈنٹس سے اس بارے میں رائے لی گئی تھی۔

نمبیار کے مطابق لفظ ’جھنڈ‘ دلی میں بہت مقبول ہے اور اس لفظ سے اس ’کرائسس سیچویشن‘ کی عکاسی کی گئی ہے جس سے فلم کے مرکزی کردار گزرتے ہیں۔

کچھ ایسا ہی فلم ’فگلی‘ کے ساتھ ہے۔ فگلی گلی محلوں میں بولا جانے والا ایسا لفظ ہے جو انگریز کے لفظ ’اگلی‘ کی طرز پر ایجاد کیا گیا ہے، جس کے معنی ہیں دیکھنے میں بدصورت یا گندہ۔ فلم کے ڈائریکٹر کبیر سد آنند کہتے ہیں کہ انہیں یاد ہے کہ دلی میں کالج لائف کے دوران یہ لفظ کثرت سے استعمال ہوتا تھا۔جیسے ہرچیز ہی ’فگلی ‘ ہوتی تھی۔ ’کیا فگلی فلم ہے‘ یا کیا ’فگلی‘ ڈش ہے۔

رومینٹک کامیڈی فلم ’ہمٹی شرما کی دلہنیا‘ کی ہیروئن ہیں عالیہ بھٹ اور ہیرو ہیں ورون دھون۔ اگر آپ کو فلم کا نام ’دیسی‘ نہ لگے تو کوئی بات نہیں فلم کی اسٹوری ’دیسی‘ ہے جس میں عالیہ بھٹ کو بھارت کی لاکھوں لڑکیوں کی طرح کرینہ کپور کی فین دکھایا گیا ہے۔

’گڈو رنگیلا‘ میں امید ہے کہ ارشد وارثی امت سدھ اور آدیتی رائے حیدری کے ساتھ رنگ جمانے میں کامیاب رہیں گے۔’دم لگا کہ ہیا‘ یش راج فلمز کا پروجیکٹ ہے جس میں مرکزی کردار نبھائیں گے ہٹ فلم ’وکی ڈونر‘ کے ہیرو ایشمان کھرانہ۔ ’۔مچھلی جل کی رانی ہے‘ ہارر فلم ہے جبکہ ’امت ساہنی کی لسٹ‘ شہری پس منظر میں بنائی گئی کامیڈی فلم ہے جس میں ویر داس اہم کردار ادا کریں گے۔
XS
SM
MD
LG