رسائی کے لنکس

بالی ووڈ ہیرؤئنز سے جڑی کچھ انجانی باتیں


پڑھئے اپنی پسندیدہ کچھ ہیروئنز سے متعلق ایسی باتیں جو دلچسپ تو ہیں ہی شائد آپ کے لئے نئی بھی ہوں ۔۔

مادھوری ڈکشت بالی ووڈ کی حقیقی ’ڈانسنگ ڈیوا‘ ہیں، جبکہ ان کی اداکاری کو آپ ہر جگہ فٹ پائیں گے ۔اور تو اور ۔۔ان کی مسکراہٹ بھی ہر جگہ مشہور ہے۔ ان کی اسمائل کو ’100 واٹ کی مسکراہٹ‘ کہا جاتا ہے۔ ایسی مسکراہٹ والی ہیروئن بالی ووڈ میں اور کوئی نہیں۔

مادھوری ڈکشت
مادھوری ایک سے زیادہ صلاحیتیں رکھنے والی اداکارہ ہیں۔ وہ ڈانسنگ رئیلٹی ٹی وی شو کی جج ہیں۔۔۔ ان سے متعلق اس طرح کی بہت ساری باتیں آپ جانتے ہوں گے۔ لیکن ’ٹائمزآف انڈیا‘ کی زیر نظر رپورٹ میں پڑھئے اپنی پسندیدہ کچھ ہیروئنز سے متعلق ایسی باتیں جو دلچسپ تو ہیں ہی شائد آپ کے لئے نئی بھی ہوں۔۔

میڈیا سے بات چیت میں ایک مرتبہ مادھوری نے کہا تھا: ’میرا خیال ہے سری دیوی کے بعد میں ایسی دوسری ہیروئن ہوں جسے آپ پوری طرح عوامی کہہ سکتے ہیں۔میں عام آدمی اور خاص آدمی کے درمیان حائل دیواروں کو گراسکتی ہوں۔‘

سنہ 1994ء میں جب فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ بن رہی تھی مادھوری کا معاوضہ ڈھائی کروڑ سے بھی زیادہ تھا۔ مادھوری واحد اداکارہ ہیں جو بھارت میں آسکر ایوارڈ کے مساوی درجہ رکھنے والے ’فلم فیئر ایوارڈز‘ کے لئے سب سے زیادہ مرتبہ نامزد ہوئیں۔ انہیں تیرہ مرتبہ ان ایوارڈز کے لئے نامزد کیا گیا۔

ودیا بالن
ودیا بالن کی جھولی میں اس وقت ایک نہیں بے شمار ایوارڈز موجود ہیں۔ یہاں تک کہ گزشتہ سال وہ کینز فلم فیسٹیول کی جیوری ممبر بھی منتخب ہوئیں، جو اپنے آپ میں بہت بڑا اعزاز ہے۔ لیکن، آپ کو شاید یہ معلوم نہ ہو کہ اپنے کیئریر کے شروع میں انہیں بہت ساری مایوسیوں کا شکار ہونا پڑا تھا۔ وندو ونود چوپڑا کی فلم ’پرینیتی‘ کے لئے منتخب ہونے تک انہیں 40مرتبہ اسکرین ٹیسٹس دینا پڑے۔

ودیا کو ایکتا کپور کے مشہور ترین ٹی وی سیریل ’ہم پانچ‘ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے کا موقع ملا۔ لیکن، اس کے باوجود انہیں علاقائی سنیما میں بھی پنجہ آزمائی کرنا پڑی۔ یہاں بھی قسمت نے انہیں آسانی سے قدم جمانے کا موقع نہیں دیا۔ تامل فلموں کے ایک پروڈیوسر نے تو انہیں ریجیکٹہی کردیا تھا۔

سنہ 1980 میں ودیا کو مجبوراً ماڈلنگ کی طرف دیکھنا پڑا جہاں سرف ایکسل کا ایک اشتہار ان کا منتظر تھا۔ مگر اس ایک ایڈ سے ان کا کس حد تک بھلا ہوسکتا تھا اس کا اندازہ لگانا کچھ مشکل نہیں۔ اس سنگین صورتحال نے وودیا کو بیمار تک کر دیا۔ لیکن، آخر کار ایک روز خوش قسمتی کا علامتی پرندہ ’ہما‘ ان کے سر بیٹھ ہی گیا اور آج عالم یہ ہے کہ وودیا کئی مرتبہ ملکی اور غیر ملکی ایوارڈز کے لئے چنی جاچکی ہیں۔

پریانکا چوپڑا
پریانکا سابق ملکہ حسن اور ’عالمی دوشیزہ حسن‘ بھی رہ چکی ہیں۔ ایکٹنگ کے ساتھ ساتھ میوزک سے بھی انہیں بہت زیادہ لگاوٴ ہے۔ ان کا البم بھی مارکیٹ ہوچکا ہے۔ جے پی دتہ کی فلم ’امراوٴجان‘ کے لئے وہ پہلا انتخاب تھیں۔ لیکن، اس فلم میں کام کرنے سے انہوں نے منع کردیا تھا۔ ان کی پہلی فلم سنہ 2002 میں تامل زبان میں بنی تھی۔

دپیکا پڈکون
دپیکا بالی ووڈ کی واحد اداکارہ ہیں جن کی فلم نے 500کروڑ روپے کا ریکارڈ توڑ بزنس کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے سو، سو کروڑ روپے یا اس سے بھی زیادہ روپوں کا بزنس کرنے والی ایک سے زائد فلمیں دیں جن میں ’ریس ٹو‘، ’کاک ٹیل‘، ’چنائی ایکسپریس‘ اور ’رام لیلا‘۔ لیکن، بالی ووڈ میں ان کا سفر کسی طویل جدوجہد سے کم نہ تھا۔

ابتدا میں ان کی کئی فلمیں پے در پے فلاپ ہوتی چلی گئیں۔ انہیں اصل کامیابی ملی شاہ رخ خان کے مقابل فلم ’اوم شانتی اوم‘ میں کام کرکے ۔ایک بار انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہا تھا: ’میں خود کو اسٹار نہیں مانتی۔ میں بالکل اسی طرح سوچتی ہوں جیسا کہ میری عمر کی ایک عام سی لڑکی سوچتی ہے۔‘

کترینا کیف
بالی ووڈ کی باربی ڈول۔۔۔کترینا کیف صرف 14 سال کی ’بالی عمریا‘ میں گلیمر ورلڈ میں داخل ہوئیں۔ وہ سونے کے زیورات بنانے والی ایک کمپنی کے لئے ماڈلنگ کیا کرتی تھیں۔ باربی ڈول کو شترنج کھیلنے اور کھانا پکانے کا شوق ہے۔ انہیں ایک ڈیزائنر نے دو لاکھ روپے کا قیمتی لباس تحفے میں دیا تھا جو انہوں نے سنہ 2007 میں اپنی فلم ’ویل کم‘ میں پہنا تھا۔

کترینا کیف بھارت کی ایسی مشہور اداکارہ ہیں جن کی سب سے زیادہ تصاویر اتاری جاتی ہیں۔
XS
SM
MD
LG