رسائی کے لنکس

جرمن چانسلر صدر اوباما سے یوکرین کی صورت حال پر بات چیت کریں گی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات کا محور یوکرین میں جاری لڑائی اور اس بحران کے خاتمے کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششیں ہو گا۔

جرمن چانسلر آنگیلا مرخیل پیر کو واشنگنٹن پہنچ رہی ہیں جہاں وہ صدر براک اوباما سے مذاکرت کریں گی۔

ان مذاکرات کا محور یوکرین میں جاری لڑائی اور اس بحران کے خاتمے کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششیں ہو گا۔

اتوار کو مشرقی یوکرین میں روس نواز باغیوں کی بغاوت کے خاتمے کے لیے فرانس اور جرمنی کے ایک مجوزہ منصوبے پر فون پر ہونے والی چار ممالک کی بات چیت میں جرمن چانسلر نے بھی حصہ لیا۔ اس بات چیت میں ان کے ساتھ یوکرین، روس اور فرانس کے رہنما بھی شامل تھے۔

چانسلر مرخیل، یوکرین کے صدر پورو شینکو، روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور فرانسیسی صدر فرانسواں اولاند نے مزید بات چیت کے لیے بیلا روس کے دارالحکومت منسک میں بدھ کو ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔

ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے کہا کہ فرانسیسی اور جرمن منصوبے کی بنیاد، ستمبر میں جنگ بندی سے متعلق طے پانے والا وہ ’’ناکام منصوبہ‘‘ہے جس پر منسک میں دستخط کیے گئے تھے۔ تاہم اس میں اوقات کار کے بارے میں مزید تفصیلات شامل ہوں گی۔

یوکرین میں گزشتہ سال باغیوں کی طرف سے شروع کی گئی لڑائی کے بعد 5,600 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اتوار کو پورو شینکو نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ ایک "فوری اور غیر مشروط جنگ بندی" طے پا جائے گی۔

اس اُمید کے باوجود روسی صدر پوٹن نے متنبہ کیا کہ یوکرین روسی سرحد کے قریب اپنے فوجی آپریشن ختم کرے۔ انھوں نے کئیف سے مشرقی یوکرین میں بقول ان کے ان تعزیری اقتصادی پابندیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے جن کا مقصد روسی زبان بولنے والے کے معمول زندگی میں خلل ڈالنا ہے۔

فرانسیسی صدر اولاند کی طرف سے کہا گیا کہ عنقریب ہونے والے مذاکرات مشرقی یوکرین میں تقریباً ایک سال سے جاری لڑائی کو ختم کر کے امن کے قیام کا " ایک آخری موقع" فراہم کریں گے۔

XS
SM
MD
LG