رسائی کے لنکس

بم دھماکے کا خطرہ، جرمنی اور نیدرلینڈ کا دوستانہ میچ منسوخ


یہ میچ جرمنی کے شہر ہانوور میں ہونا تھا، لیکن حکام کے مطابق بم دھماکے کے خطرے سے متعلق قابل بھروسہ اطلاعات کی بنیاد پر کھیل کو منسوخ کیا گیا۔

جرمنی اور نیدرلینڈ کے درمیان ایک دوستانہ میچ اسٹیڈیم میں بم دھماکے کے خطرے کے پیش نظر عین وقت پر منسوخ کر دیا گیا۔

یہ میچ جرمنی کے شہر ہانوور میں ہونا تھا، لیکن حکام کے مطابق بم دھماکے کے خطرے سے متعلق قابل بھروسہ اطلاعات کی بنیاد پر کھیل کو منسوخ کیا گیا۔

ہانوور پولیس کے سربراہ والکر کلیوی نے کہا ہے کہ ایسے ٹھوس شواہد تھے کہ کوئی اسٹیڈیم میں بم دھماکا کرنا چاہتا ہے، لیکن اُنھوں نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

تقریباً 49 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے اس اسٹیڈیم میں دوستانہ میچ کے آغاز سے محض دو گھنٹے قبل ہی اس کی منسوخی کا اعلان کیا گیا۔

وہ شائقین جو کہ میدان میں پہنچنا شروع ہو گئے تھے اُنھیں واپس جانے کے لیے کہہ دیا گیا۔ جرمنی کی چانسلر آنگیلا مرخیل کے علاوہ کئی جرمن اور ڈچ وزار نے یہ میچ دیکھنا تھا۔

جرمن اور ڈچ ٹیم کے درمیان اس دوستانہ میچ کا مقصد فرانس سے یکجہتی کا اظہار تھا۔

گزشتہ جمعہ کو جرمنی اور فرانس کی ٹیموں کے درمیان پیرس میں میچ جاری تھا کہ تین خودکش بمباروں نے اسٹیڈیم کے باہر دھماکے کر دیئے۔

اسی دوران شہر کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے منظم حملوں میں پیرس میں کم از کم 129 افراد ہلاک اور 350 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG