رسائی کے لنکس

امریکہ اور جرمنی کا یوکرین کو ٹینک فراہم کرنے کا اعلان، روس کا شدید ردِ عمل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ اور جرمنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ یوکرین کو روس کا مقابلہ کرنے کے لیے ٹینک فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔واشنگٹن ڈی سی اور برلن کے اس فیصلے کو ماسکو انتہائی خطرناک قرار دے رہا ہے۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نےبدھ کو اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن یوکرین کو 31 'ایم-ون ابرامز' ٹینک فراہم کرے گا۔

صدر بائیڈن کا یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب جرمنی نے بھی یوکرین کو 'لیوپرڈ-ٹو' ٹینک فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

امریکہ کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہےکہ یوکرین کو ابرامز ٹینکوں کی فراہمی میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں اور وہ ان ٹینکوں کی فراہمی کو یوکرین کے مستقبل میں دفاع کے لیے اہم فیصلہ قرار دے رہے ہیں۔

مبصرین کے مطابق امریکہ کا یوکرین کو ابرامز ٹینک فراہم کرنے کے لیے مستعد ہے لیکن ان ٹینکوں کو چلانے کے لیے مہارت درکار ہو گی جب کہ اس کے مقابلے میں جرمنی کے لیوپرڈ – ٹو ٹینک اس طرح بنائے گئے ہیں کہ نیٹو کے کسی بھی رکن ملک کی فوج اسے استعمال کر سکتی ہے۔

روس اور یوکرین دونوں لڑائی میں زیادہ تر انحصار سوویت دور کے ٹی-72 ٹینکوں پر کر رہے ہیں۔

امریکہ اور جرمنی کی جانب سے یوکرین کے لیے ٹینکوں کی فراہمی کے اعلانات کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ روس اور یوکرین کے ایک دوسرے پر حملوں میں اضافہ ہو گا جس سے ملک کے مشرقی خطے میں جنگ کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔

یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے ٹینک فراہم کرنے کے امریکہ اور جرمنی کے اعلانات کا خیر مقدم کیا ہے۔

بدھ کو ایک ویڈیو خطاب میں ولودومیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ یوکرین کو ٹینک فراہم کرنے میں تیزی دکھانے اور اس کی فورسز کو تربیت دینے کی ضرورت ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق یوکرین کوشش کر رہا ہے کہ بڑی تعداد میں جدید ترین ٹینکوں کا حصول ممکن بنایا جائے تاکہ روس کی افواج کا بھر پور مقابلہ کیا جا سکے اور ملک کے جنوب اور مشرق میں ان علاقوں کو واگزار کرایا جا سکے جہاں روسی افواج قبضہ کر چکی ہیں

یوکرین روس کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید ہتھیار فراہم کرنے کا مسلسل مطالبہ کر رہا ہے۔ بدھ کو بھی خطاب میں زیلنسکی نے ایک بار پھر نیٹو کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے اس کے سیکریٹری جنرل اسٹالنبرگ سے بات کی ہے کہ کیف کو مزید طویل فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل اور جنگی طیارے دیے جائیں۔

یوکرین کے اتحادی اس جنگ میں کیف کو اربوں ڈالر امداد فراہم کر چکے ہیں جب کہ امریکہ نے اسے مؤثر میزائل سسٹم بھی دیا ہے۔

جرمنی ابتدائی طور پر 14' لیوپرڈ – ٹو' ٹینکوں کی کمپنی یوکرین روانہ کرے گا۔ اس سے قبل وہ اس کی منظوری اپنے اتحادی یورپی ممالک سے بھی لے گا۔

جرمنی کے وزیرِ دفاع سمیت اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ برلن یوکرین کو تین سے چار ماہ میں یہ ٹینک فراہم کر دے گا۔

دوسری جانب روس نے جرمنی کی جانب سے یوکرین کو لیوپرڈ – ٹو ٹینک فراہم کرنے کے فیصلے پر شدید ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

جرمنی میں روس کے سفیر سرگئی نیچیف نے کہا ہے کہ اس انتہائی خطرناک فیصلے سے یہ تنازع ایک اور محاذآرائی کی جانب بڑھے گا۔

روس نے یوکرین کے خلاف 24 فروری 2022 کو جارحیت کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد امریکہ اور نیٹو سمیت یوکرین کے اتحادیوں اور روس میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

یوکرین کو دیگر ممالک کی جانب سے بھی جرمن ساختہ لیوپرڈ – ٹو ٹینکوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جن میں پولینڈ، فن لینڈ اور ناروے شامل ہیں۔ ان ممالک کی یقین دہانی پر عمل در آمد کے بعد یوکرین کے پاس ٹینکوں کی بڑی تعداد جمع ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب اسپین اور نیدرلینڈز نے بھی کہا ہے کہ وہ ٹینکوں کی فراہمی کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

برطانیہ نے اپنے '14 چیلنجر' ٹینک فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے جب کہ فرانس نے بھی اپنے' لکلیر' ٹینک یوکرین بھیجنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

اس رپورٹ میں مواد خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG