رسائی کے لنکس

ہانگ کانگ: معروف بینڈ کے کانسرٹ کے دوران اسکرین گرنے سے پانچ افراد زخمی


 ہانگ کانگ کے کلچر سیکریٹری کیون یوئنگ کا کہنا ہے کہ "جب تک اسٹیج کا ڈھانچہ محفوظ نہیں ہو جاتا اس وقت تک شوز کو معطل رکھا جائے گا۔"
ہانگ کانگ کے کلچر سیکریٹری کیون یوئنگ کا کہنا ہے کہ "جب تک اسٹیج کا ڈھانچہ محفوظ نہیں ہو جاتا اس وقت تک شوز کو معطل رکھا جائے گا۔"

ہانگ کانگ میں جمعرات کو معروف میوزک بوائے بینڈ 'مرر' کے کانسرٹ میں اسٹیج پر لگی ایک بڑی اسکرین گرنے سے دو ڈانسرز اور تین شرکا زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق مقامی براڈکاسٹر 'آر ٹی ایچ کے' نے بتایا کہ اسکرین گرنے سے دو ڈانسرز زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی نے جمعے کو کہا کہ "میں اس واقعے پر حیران و پریشان ہوں، میری دعائیں اس حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کے ساتھ ہیں۔"

ان کے بقول حکومت اس معاملے پر تحقیقات کرے گی جب کہ فن کاروں، اسٹاف اور شرکا کے تحفظ کے لیے حفاظتی طریقۂ کار کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

دوسری جانب شہر کے کلچر سیکریٹری کیون یوئنگ کا کہنا ہے کہ "جب تک اسٹیج کا ڈھانچہ محفوظ نہیں ہو جاتا اس وقت تک شوز کو معطل رکھا جائے گا۔"

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ حکومت کے تفریحی بیورو نے حالیہ دنوں میں ہونے والے دیگر اسٹیج حادثات کے بارے میں پہلے ہی کانسرٹ کے منتظم سے رابطہ کیا تھا۔

میوزک بینڈ 'مرر' کے 13 ہزار سے زائد مداحوں نے ایک پٹیشن پر دستخط کیے ہیں جس میں کانسرٹ انتظامیہ سے تمام پرفارمرز کی حفاظت اور اس سے متعلق مسائل کو حل کرنےکے لیے کہا گیا ہے۔

کانسرٹ انتظامیہ 'میکر وِل' کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعہ کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

ان کے بقول "ہم اس واقعے کی وجہ سے ناظرین اور دیگر افراد کو پہنچنے والے دکھ کے لیے معذرت خواہ ہیں۔"

اس خبر کے لیے مواد خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG