رسائی کے لنکس

 روسی قیادت کے متعلق 2022 میں عالمی عوامی تاثر نمایاں طور پر منفی رہا: سروے


فائل فوٹو: روسی صدر ولادیمیر پوٹن
فائل فوٹو: روسی صدر ولادیمیر پوٹن

روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے گزشتہ سال کے یوکرین پر حملے کے بعد روس کی قیادت کے بارے میں عالمی رویوں میں ڈرامائی طور پر تبدیلی آئی جب کہ درجنوں ممالک میں آبادی کی بڑی اکثریت نے کریملن کے بارے میں ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

گیلپ کی طرف سے منگل کو جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق 137 ممالک اور خطوں میں ہزاروں لوگوں کے سروے سے ترتیب دیا گیا ڈیٹا ظاہر کرتا ہے کہ کریملن کے بارے میں موافق رائے میں واضح کمی ہوئی ہے۔

سروے کے نتائج کے مطابق عالمی سطح پر 57 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ وہ 2022 میں روسی قیادت کو ناپسند کرتے ہیں جب کہ ایک سال قبل کریملن کی ناپسندیدگی صرف 38 فیصد تھی۔

صرف 21 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ وہ روس کی قیادت کو درست سمجھتے ہیں۔ لیکن پسندیدگی کا یہ تناسب بھی سال 2021 میں 33 فیصد کی شرح سے کم ہے۔

روس کے یوکرین پر حملے کا ایک سال مکمل: کب کیا ہوا؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:04:58 0:00

گیلپ سن 2007 سے عالمی رہنماؤں کے متعلق لوگوں کی رائے جاننے کا ڈیٹا مرتب کر رہا ہے۔

ہر طرف منفی تبدیلی

اگرچہ سروے میں انفرادی ملکوں میں روس کی قیادت کے بارے میں لوگوں کا تاثر مختلف تھا لیکن اس کا سب سے بڑا نتیجہ روسی قیادت کے عوامی تاثر میں ہر طرف ہونے والی گراوٹ کی صورت میں نظر آیا۔

لاطینی امریکہ اور کیریبین میں روسی قیادت کے متعلق تاثر میں تبدیلی سب سے زیادہ نمایاں تھی جہاں روس کے متعلق اوسط موافق تاثر 21 فیصد سے کم ہو کر 16 فیصد تک گر گیا جب کہ اوسط منفی تاثر 30 پوائنٹس کے اضافے سے بڑھ کر 61 ہو گیا۔

افریقہ اور ایشیا کے ان حصوں میں جہاں روسی اثر و رسوخ مضبوط ہے تبدیلی منفی تھی۔ شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں، روسی قیادت کے بارے میں منفی تاثر کی شرح 12 پوائنٹس بڑھ کر 55 ہو گئی۔ حتیٰ کہ سب صحارا افریقہ میں، جہاں روس اثر و رسوخ برقرار رکھے ہوئے ہے، روسی قیادت کی غیرمقبولیت کی شرح 21 فیصد ے بڑھ کر 32 فیصد تک پہنچ گئی۔

روسی قیادت کی ساکھ کو ان ممالک میں بھی نقصان پہنچا جن کے رہنماؤں نے جنگ کی مذمت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

سب صحارا افریقہ وہ واحد خطہ تھا جس میں گیلپ کی رائے شماری میں روسی قیادت کی اوسط مقبولیت کی شرح 35 فیصد تھی جو ناپسندیدگی کی درجہ بندی سے زیادہ رہی۔

سروے کے اعداد و شمار کے مطابق یوکرین میں روسی قیادت کے بارے میں سب سے زیادہ 96 فیصد منفی تاثر درج کیا گیا جب کہ پولینڈ میں یہ شرح 95 فیصد رہی ۔ امریکہ، کینیڈا اور 10 مختلف یورپی ممالک میں روسی قیادت کے بارے میں عوامی تاثر 90 فیصد منفی رہا۔

تائیوان میں، جسے چین کی طرف سے حملے کا مسلسل خطرہ درپیش رہتا ہے، روسی تاثر کے بارے میں بڑی تبدیلی واقع ہوئی۔ سال 2021 کے 26 فیصد تناسب کے مقابلے میں سال 2022 میں تائیوان میں کیے گئے سروے میں روس کی قیادت کی ناپسندیدگی 72 فیصد تک بڑھ گئی ۔

(راب گیرور، وی او اے نیوز)

XS
SM
MD
LG