رسائی کے لنکس

امریکہ میں سونے کی قیمت اور خرید میں ریکارڈ اضافہ


امریکہ میں سونے کی قیمت اور خرید میں ریکارڈ اضافہ
امریکہ میں سونے کی قیمت اور خرید میں ریکارڈ اضافہ

امریکہ میں ان دنوں سونے کا کاروبار زوروں پر ہے ۔خریدار سونےکی تلاش میں ہیں اور لوگ سونا بیچنے کو تیار ہیں۔ پچھلے ہفتے نیویارک کے صرافہ بازار میں خوب گہما گہمی دیکھی گئی ۔ جین فرمین سونے کا کاروبار کرنے والی ایک کمپنی سے منسلک ہیں۔ ان کا کہناہے کہ سونے کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ دنیا بھر کی معیشتیں بحران سے دوچار ہیں۔ ہم نے صرف پچھلے تین دنوں میں لوگوں کے زیورات بیچنے کے رجحان میں 25سے 40 فی صد اضافہ دیکھا ہے۔

اور سونے کی جانچ پڑتال کا طریقہ وہی صدیوں پرانا اور آسان ہے یعنی سونے کی چیز کو ایک پتھر پر رگڑ کر یہ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ وہ کتنا خالص ہے۔

نیویارک کے علاقے بروکلین کی رہائشی خاتون مینڈی ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنا زیور بیچنے آئی ہیں۔پچھلے سال ان کے شوہر کا انتقال ہوا ہوگیاتھا اور وہ تب سے بے روزگار بھی ہیں۔وہ کہتی ہیں کہ ساڑھے تین ہزار ڈالر سے ان کے کچھ مسائل حل ہو سکیں گے۔

اسی طرح گریگ سلورمین بھی اپنے ایک دوست کا دیا ہوا تحفہ بیچنے کے لیے صرافہ بازار میں آئے ہیں۔ ان کا کہناہے کہ اس سے کچھ اضافی رقم مل جائے گی۔سرمایہ کاری کے لیئے سونا زبردست ہے۔ میرے ریٹائرمنٹ کے اکاؤنٹ میں کچھ سونا بھی ہے۔ مجھے اس کی قیمت کم ہوتی دکھائی نہیں دیتی۔ یہ ایک قابل اعتبار سرمایہ ہے۔میں اسےایک اکاؤنٹ کی طرح ہی سمجھتا ہوں۔

ایک ایسے وقت میں جب کہ امریکی معیشت کی رفتار بڑی سست ہے اور نئی ملازمتوں کے بہت کم مواقع پید اہورہے ہیں، جن لوگوں کے پاس کچھ سوناہے، وہ اس بحرانی دور میں بھی سنہرے خواب دیکھ رہے ہیں ۔

XS
SM
MD
LG