رسائی کے لنکس

’تھری بل بورڈز‘ چار گولڈن گلوب ایوارڈ جیتنے میں کامیاب


بہترین فلم کا ایوارڈ جیتنے والی 'تھری بل بورڈز کی کاسٹ اپنے ایوارڈز کے ساتھ
بہترین فلم کا ایوارڈ جیتنے والی 'تھری بل بورڈز کی کاسٹ اپنے ایوارڈز کے ساتھ

تھری بل بورڈز نہ صرف بہترین فلم کے ایوارڈ کی حق دارقرار پائی بلکہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی فلم میں عمدہ اداکاری پر فرانسس میک ڈورمنڈ نے جیتا۔ 'ڈارکسٹ آورز' کے گیری اولڈ مین بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے۔

فلم، ٹی وی، فیشن، انٹرٹینمٹ انڈسٹری کے نامور ستارے جگمگائے کیلی فورنیا کے بیورلی ہلٹن میں سجی 75 ویں گولڈن گلوب ایوارڈز 2018ء کی خوبصورت شام میں۔

کسی نے محنت کا پھل ٹرافی کی شکل میں ہاتھ میں تھاما تو کوئی خالی ہاتھ گھر لوٹنے پر کچھ مایوس نظر آیا۔

کون سا چینل یا میڈیا تھا جس نے اس شام کو کور یج نہ دی ہو۔ دنیا بھر کے میڈیا نے ’گولڈن گلوب ایوارڈز‘ کی تقریب کی روداد دنیا بھر میں موجود انٹرٹینمٹ سے دلچسپی رکھنے والوں تک پہنچائی۔

تقریب میں اس بار خواتین کے حقوق اور انہیں ہراساں کیے جانے کے خلاف احتجاج کا رنگ نمایاں رہا۔

ایوارڈز میں زیادہ تر سیلیبرٹیز نے سیاہ رنگ کے ملبوسات پہن کر شرکت کی جو خواتین پر زیادتیوں کے خلاف احتجاج کا اشارہ تھا۔ خواتین کو ہراساں کے الزامات کا سامنا کرنے والے ہالی وڈ پروڈیوسر ہاروی وینسٹین اور نامناسب رویے کے خلاف خواتین کی مہم 'می ٹو' کی گونج بھی گولڈن گلوب میں سنائی دی۔

تھری بل بورڈز آؤٹ سائیڈ ایبنگ، میسوری، لیڈی برڈ، بگ لٹل لائز اور دی ہینڈ میڈز ٹیل ایوارڈز ایوارڈز جیتے والوں میں نمایاں رہیں۔ ان ایوارڈز وننگ فلموں اور شوز کی خاص بات یہ تھی کہ ان میں خواتین کردار زیادہ مضبوط تھے۔

ایوارڈز کا میلہ درحقیقت کسی خاص فلم یا ٹی وی شو نے زیادہ ایوارڈز جیت کر نہیں بلکہ خواتین کے حق میں زبرست تقریر کرکے مشہور ٹی وی میزبان اور سوشل ورکر اوپرا ونفرے نے لوٹ لیا۔

اپنی تقریر میں اوپرا کا کہنا تھا کہ خواتین کے پاس سب سے بڑی طاقت سچ کی ہے۔ سچائی سامنے لانے سے ہی حالات بدلیں گے۔

بات کی جائے ایوارڈز کی تو ’تھری بل بورڈز آؤٹ سائیڈ ایبنگ، میسوری‘ نے چار ایوارڈز اپنے نام کیے۔

تھری بل بورڈز نہ صرف بہترین فلم کے ایوارڈ کی حق دارقرار پائی بلکہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی فلم میں عمدہ اداکاری پر فرانسس میک ڈورمنڈ نے جیتا۔

'ڈارکسٹ آورز' کے گیری اولڈ مین بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے۔ بہترین سپورٹنگ اداکار کی گولڈن گلوب ٹرافی سیم راک ویل نے تھری بل بورڈز کے لیے جبکہ بہترین سپورٹنگ اداکارہ کا ایوارڈ ایلیسن جینی نے 'آئی، ٹونیا' کے لیے حاصل کیا۔

بہترین اسکرین پلے کا ایوارڈ بھی تھری بل بورڈز کے حصے میں آیا۔ 'دی شیپ آف واٹر' کے ڈائریکٹر گولیمر موڈیل ٹورو قرار پائے۔ بہترین اوریجنل اسکورکا ایوارڈ بھی 'دی شیپ آف واٹر' کو دیا گیا۔ بہترین گانا 'دی گریٹسٹ شومین' کا 'دس از می' رہا۔

بہترین میوزیکل کامیڈی فلم کا ایوارڈ لیڈی برڈ نے جیتا۔ میوزیکل کامیڈی کے بہترین اداکار جیمز فرانکو 'دی ڈیزاسٹر آرٹسٹ' کے لیے اور بہترین اداکارہ 'لیڈی برڈ' کی سائروز رونن قرار پائیں۔

غیرملکی زبان کی بہترین فلم کا گولڈن گلوب ایوارڈ 'ان دی فیڈ' کو دیا گیا۔ بہترین اینیمیٹڈ فلم کا ایوارڈ ’کوکو‘ لے اڑی۔

بہترین ٹی وی سیریز کا ایوارڈ 'دی ہینڈ میڈز ٹیل'، بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ الزبتھ موس کو 'دی ہینڈز میڈز ٹیل' کے لیے اور بہترین ٹی وی اداکار کا ایوارڈ ’دس از اس‘ میں عمدہ اداکاری پر اسٹرلنگ کے براؤن کو دیا گیا۔

بہترین میوزیکل یا کامیڈی ٹی وی سیریز کا گولڈن گلوب مارویلس مسز میزل نے جیتا۔ بہترین اداکار میوزیکل یا کامیڈی 'ماسٹر آف نن' کے اداکار عزیز انصاری قرار پائے۔ اسی کیٹگری میں بہترین اداکارہ ریچل بروسناہان گولڈن گلوب جیتنے میں کامیاب رہیں۔ انہیں 'دی مارولیس مسز میزل' میں اچھی ایکٹنگ پر ایوارڈ دیا گیا۔

انٹرٹینمنٹ میں انڈسٹری میں غیرمعمولی خدمات پر گولڈن گلوب ایوارڈ حاصل کرنے والی اوپرا ونفرے کا جب نام پکارا گیا تو ہال کئی منٹ تک تالیوں سے گونجتا رہا اور سب نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔ اوپرا ونفرے گولڈن گلوب جیتنے والی پہلی سیاہ فام خاتون بن گئیں۔

XS
SM
MD
LG