رسائی کے لنکس

حکومت کی پسپائی، معاشی مشیر کے طور پر عاطف میاں کی رکنیت ختم


پاکستان میں حکومت مذہبی جماعتوں اور سماجی میڈیا پر حکومت کے خلاف چلائی جانے والی مہم پر پسپائی اختیار کرتے ہوئے احمدی عقیدے سے تعلق رکھنے والے عاطف میاں کو حکومت کی ’اکانامک ایڈوائزری کونسل‘ کی رکنیت سے ہٹا دیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ عاطف میاں سے اکانامک ایڈوائزری کونسل کی رکنیت واپس لے لی گئی ہے تاہم اُن کی جگہ نئے رکن کی تعیناتی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

فیصل جاوید کے ساتھ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی عاطف میاں کو ہٹائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کمیٹی سے نامزدگی واپس لے لی جائے۔

حکومت علما اور تمام معاشرتی طبقات کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا چاہتی ہے اور اگر ایک نامزدگی سے مختلف تاثر پیدا ہوتا ہے تو یہ مناسب نہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان کی آئیڈل ریاست مدینہ ہے اور وزیر اعظم اور اُن کی کابینہ کے اراکین عاشقان رسول (صلی اللہ علیہ وسلم ) ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور حال ہی میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر حکومت نے جو کامیابی حاصل کی وہ بھی اس نسبت کا اظہار ہے۔

امیر جماعت اسلام پنجاب میاں مقصود نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احمدی بھی پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ لیکن، اس کے لیے پہلے آئین پاکستان کے تحت انہیں جو غیر مسلم کا درجہ دیا گیا ہے اسے یہ لوگ تسلیم کریں۔

میاں مقصود امیر جماعت اسلام پنجاب کے حوالے سے پاکستان جماعت احمدیہ کے ترجمان سلیم الدین نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عاطف میاں اور ان کی جماعت کو اس فیصلے پر کوئی افسوس نہیں۔ ہم پاکستان کے لیے کام کرنا چاہتے تھے لیکن اگر حکومت ایسا نہیں چاہتی تو کوئی بات نہیں۔

سلیم الدین پاکستان میں احمدیہ فرقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ احمدیوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا ایک حساس معاملہ ہے۔

گذشتہ روز جماعت احمدیہ کی جانب سے یوم شہداٴ پر دیے گئے ایک اشتہار پر اخبار نوائے وقت کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس میں جماعت احمدیہ نے پاک فوج میں شامل احمدی شہدوں کی تصاویر کے ساتھ ایک اشتہار شائع کیا تھا۔ اس معاملے پر نوائے وقت اخبار نے آج صفحہٴ اول پر معابھی بھی مانگی ہے۔

XS
SM
MD
LG