رسائی کے لنکس

گریمی ایوارڈ: ٹیلر سوئفٹ اور کینڈرک لامار کے نام


ٹیلر سوئفٹ کے البم 1989 کو’بہترین البم‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ٹیلر سوئفٹ مسلسل دو مرتبہ بہترین البم کا گریمی جیتنے والی پہلی خاتون بن گئیں۔ انہیں سات شعبوں میں نامزد کیا گیا تھا جن میں سے وہ مجموعی طور پر تین شعبوں میں ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب رہیں

میوزک کی دنیا کے آسکر ایوارڈز سمجھے جانے والے گریمی ایوارڈز کی 58 ویں تقریب بھی حسب روایت خوب دھوم دھام سے سجی اور ہلے گلے سے بھرپور رہی جس میں ٹیلر سوئفٹ اور کینڈرک لامار بڑے فاتح بن کر ابھرے۔

فرانسیسی خبر ایجنسی، اے ایف پی کے مطابق کینڈرک لامار نے گریمی کی پانچ ٹرافیاں تو جیت لیں، لیکن سال کے بہترین البم کا ایوارڈجیتنے کی دوڑ میں وہ ٹیلر سوئفٹ سے مات کھا گئے۔

​ٹیلر سوئفٹ کے البم 1989 کو ’بہترین البم‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ٹیلر سوئفٹ مسلسل دو مرتبہ بہترین البم کا گریمی جیتنے والی پہلی خاتون بن گئیں۔ انہیں سات شعبوں میں نامزد کیا گیا تھا جن میں سے وہ مجموعی طور پر تین شعبوں میں ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

برطانوی گلوکار اور نغمہ نگار ایڈ شیرین نے ’سانگ آف دی ائیر‘ کے لیے گریمی ایوارڈ جیتا جبکہ میگہن ٹرینر بہترین نئے گلوکار قرار پائے۔

’بہترین ریکارڈ‘ کا ایوارڈ اپ ٹاون فنک کو دیا گیا۔ ’بہترین راک البم‘ موز کا ڈرون قرار پایا۔ ’کرس اسٹیپلٹن‘ کے ٹریولر کو ’بہترین کنٹری سولو سونگ‘ کا گریمی دیا گیا۔

لاس اینجلس کے اسٹیپلز سینٹر میں منعقد گریمی ایوارڈز کی تقریب کی منفرد اور خاص بات یہ تھی کہ امریکا کے سابق صدر جمی کارٹر نے دوسری بار گریمی ایوارڈ حاصل کیا۔

جی ہاں۔۔۔ امریکا کے سابق صدر 91 سالہ جمی کارٹر کو ان کی یاداشتوں کی آڈیو ’اے فل لائف ریفلیکشنز ایٹ 90‘ پر بہترین اسپوکن ورڈ البم کا گریمی ایوارڈ دیا گیا۔ کارٹر2007 میں بھی اپنی سیاسی کتاب پرگریمی جیت چکے ہیں۔

لیڈی گاگا نے معروف آنجہانی سنگر ڈیوڈ بووی کو شاندار پرفارمنس سے خراج عقیدت پیش کیا۔ مائیکل جیکسن اوربی بی کنگ بھی یاد کئے جانے والوں میں شامل تھے۔

XS
SM
MD
LG