رسائی کے لنکس

کراچی میں رینجرز کی چوکیوں پر دستی بم حملوں میں اضافہ


ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ حملے کے وقت چوکی میں رینجرز کے چار اہلکار موجود تھے جن میں سے تین زخمی ہوئے ہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں شرپسند عناصر پر نظر رکھنے کے لئے بنائی گئی رینجرز کی چوکیوں کو دستی بم سے نشانہ بنانے کے واقعات میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے۔

جمعہ کو کورنگی کراسنگ کے علاقے میں بھی ایسا ایک واقعہ پیش آیا جس کے بعد گزشتہ تین دنوں میں چوکیوں پر حملوں کی تعداد پانچ ہوگئی۔

تھانہ زمان ٹاوٴن کے ایس ایچ او نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ جمعہ کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار چوکی پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ حملے میں تین اہلکار زخمی ہوئے جبکہ چوکی کی دیواریں زمین بوس ہوگئیں۔

ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ حملے کے وقت چوکی میں رینجرز کے چار اہلکار موجود تھے جن میں سے تین زخمی ہوئے ہیں۔

بلال اکبر کے مطابق حملے کے فوری بعد سے اب تک چار مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے تاہم سیکورٹی کی غرض سے ان کی شناخت فی الوقت ظاہر نہیں کی جاسکتی۔

جمعے کو پیش آنے والے واقعے سے قبل عیسیٰ نگری، گوجر نالہ، ناظم آباد اور موتی محل کے علاقوں میں واقع چوکیاں بھی نامعلوم ملزمان کی جانب سے پھینکے گئے دستی بموں کے حملے کا شکار ہوچکی ہیں تاہم ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

XS
SM
MD
LG