رسائی کے لنکس

عراق کے صحرائی علاقے سے 26 قطری باشندے اغوا


فائل
فائل

قطری شکاریوں نے صحرا کے بسایا نامی علاقے میں اپنا کیمپ لگا رکھا تھا جس پر بدھ کی صبح 100 سے زائد مسلح افراد نے حملہ کیا۔

عراق کے صحرائی علاقے میں شکار کھیلنے والے کم از کم 26 قطری باشندوں کو مسلح افراد نے اغوا کرلیا ہے۔

عراقی حکام کے مطابق واقعہ بدھ کو علی الصباح سعودی سرحد کے نزدیک واقع عراق کے صحرائے السماوہمیں پیش آیا۔

السماوہ کے گورنر فالح الزیادے نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ قطری شکاریوں نے صحرا کے بسایا نامی علاقے میں اپنا کیمپ لگا رکھا تھا جس پر بدھ کی صبح 100 سے زائد مسلح افراد نے حملہ کیا۔

گورنر کے مطابق حملہ آور ایک درجن گاڑیوں پر سوار تھے جو شکاریوں کو اپنے ہمراہ نامعلوم مقام پر لے گئے ہیں۔

السماوہ کے ایک پولیس افسر نےذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ قطری شکاری پولیس کے ایک دستے کی حفاظت میں علاقے میں گئے تھے لیکن دستہ بہت کم اہلکاروں پر مشتمل تھا۔

پولیس افسر کے مطابق شکاریوں کے کیمپ پر حملہ کرنے والے افراد کی تعداد 100 کے لگ بھگ تھی جو جدید ہتھیاروں سے لیس تھے۔

خلیجی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے متمول افراد عموماً سال کے اس موسم میں شکار کی غرض سے عراق کے صحرائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں تاہم حالیہ برسوں کے دوران عراق میں امن و امان کی خراب صورتِ حال کے باعث اس تعداد میں کمی آئی ہے۔

تاحال کسی تنظیم نے شکاریوں کے اغوا کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن یہ طریقۂ واردات عراق اور شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم داعش کا ہے جس کے جنگجو عموماً بڑے بڑے قافلوں کی صورت میں سفر کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG