رسائی کے لنکس

ہیکرز کا نشانہ بننے والی امریکی ویب سائٹ بدستور بند


ہیکرز کا نشانہ بننے والی امریکی ویب سائٹ بدستور بند
ہیکرز کا نشانہ بننے والی امریکی ویب سائٹ بدستور بند

ہیکرز کا نشانہ بننے والی ایک امریکی نجی سیکیورٹی فرم 'اسٹریٹ فار' کی ویب سائٹ منگل کو بھی بحال نہیں ہوسکی ہے۔

'نامعلوم (اینونیمس)' نامی ہیکر گروپ نے اتوار کو کمپنی کی ویب سائٹ ہیک کرنے کے بعد پیغام چھوڑا تھا کہ انہوں نے کمپنی کے ڈیٹا بیس سے ہزاروں ای میل ایڈریسزاور کریڈٹ کارڈز سے متعلق معلومات چوری کرلی ہیں جن کی بنیاد پر مختلف خیراتی اداروں کو 10 لاکھ ڈالرز کے عطیات دیے جائیں گے۔

ہیکرز نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ آن لائن سیکیورٹی فرم اپنے صارفین کی معلومات کو مناسب طریقے سے محفوظ رکھنے میں ناکام رہی ہے ۔

سیکیورٹی کمپنی نے ویب سائٹ پر حملے کے بعد اپنی مواصلاتی سرگرمیاں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ 'فیس بک' پر موجود اپنے پیج پر منتقل کردی ہیں۔

'اسٹریٹ فار' کے فیس بک پیج پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کمپنی نے اپنے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ ہیکر گروپ انہیں بھی نشانہ بناسکتا ہے۔ جب کہ ہیکرزنے اپنے 'ٹوئٹر' پیغام میں اعلان کیا ہے کہ ان کی جانب سے آئندہ ہفتے ہیکنگ کے مزید حملے کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ 'اسٹریٹ فار' کے صارفین میں امریکی محکمہ دفاع، فضائیہ اور بری افواج بھی شامل ہیں۔

ہیکرز نے کہا ہے کہ انہوں نے کمپنی کی ویب سائٹ سے چرائی گئی معلومات کومختلف خیراتی اداروں کو نقد عطیات دینے کے لیے استعمال کیا ہے جن میں ریڈ کراس، 'کیئر' اور 'سیو دی چلڈرن' شامل ہیں۔

ہیکرز گروپ کا کہنا ہے وہ کمپنی سے حاصل شدہ معلومات کو استعمال کرکے خیراتی اداروں کو 10 لاکھ ڈالرز کے عطیات دیں گے۔

'اینونیمس'نے اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ مزید اہم شخصیات کے اکاؤنٹس پر حملے جاری رہیں گے۔ گروپ اس سے قبل بھی ہیکنگ کے کئی واقعات کی ذمہ داری قبول کرچکاہے۔

XS
SM
MD
LG