رسائی کے لنکس

امریکی سینیٹ میں متنازع بل پہ رائے شماری موخر


امریکی سینیٹ میں متنازع بل پہ رائے شماری موخر
امریکی سینیٹ میں متنازع بل پہ رائے شماری موخر

'وکی پیڈیا' اور 'گوگل' جیسی اہم انٹرنیٹ ویب سائٹس مجوزہ قوانین پہ کڑی تنقید کر رہی ہیں اور انہیں 'ویب سینسر' کا ایک حربہ اور آزادی اظہار کے لیے خطرہ قرار دے چکی ہیں

امریکی سینیٹ نے آن لائن پائریسی کے سدِ باب کےلیےمتعارف کرائے گئےایک مجوزہ قانون پر آئندہ ہفتے ہونے والی رائے شماری ملتوی کردی ہے۔

یہ فیصلہ مذکورہ بل اور ایوانِ نمائندگان میں زیرِ غور اسی نوعیت کے ایک اور قانون کے خلاف اہم ویب سائٹس کی جانب سے بطورِ احتجاج یومِ سیاہ' منائے جانے کے بعد کیا گیا ہے۔

بدھ کو کیے گئے احتجاج کے بعد بعض قانون سازوں نے 'اسٹاپ آن لائن پائریسی ایکٹ (سوپا)' اور 'پروٹیکٹ آئی پی ایکٹ (پیپا)' نامی دونوں مجوزہ قوانین کی حمایت سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا جو بالترتیب امریکی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں زیرِ غور ہیں۔

'وکی پیڈیا' اور 'گوگل' جیسی اہم انٹرنیٹ ویب سائٹس مجوزہ قوانین پہ کڑی تنقید کر رہی ہیں اور انہیں 'ویب سینسر' کا ایک حربہ اور آزادی اظہار کے لیے خطرہ قرار دے چکی ہیں۔

قوانین کے حامیوں کا استدلال ہے کہ فلموں، ٹی وی پروگرامات، موسیقی اور سافٹ ویئرز کی انٹرنیٹ پر غیر قانونی فروخت اور تقسیم کے سدِ باب کے لیے اس نوعیت کی قانون سازی اشد ضروری ہے۔

جمعہ کو سینیٹ میں اکثریتی رہنما ہیری ریڈ نے ایک بیان میں امید ظاہر کی کہ قانون ساز جلد ہی قانون کے ایک ایسے مسودے پر متفق ہوجائیں گے جس کے ذریعے نہ صرف امریکیوں کے حقوقِ دانش کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ پہ جدت اور آزادی کا بھی تحفظ یقینی بنایا جاسکےگا۔

XS
SM
MD
LG